لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا بھر میں مشہور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے اپنی سب سے چھوٹی بیٹی سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ان کے پاس ماضی کے مقابلے میں وقت ہے کہ وہ عروہ کو بڑا ہوتے ہوئے دیکھ سکیں۔سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شاہد آفریدی نے بیٹی کے ہمراہ تصویر کے ساتھ پیغام میں اپنی تمام بیٹیوں سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنی زندگی میں ﷲ تعالیٰ کا سب سے بہترین تحفہ قرار دیا۔شاہد آفریدی نے لکھا کہ وہ اپنی بیٹیوں کے ساتھ زیادہ وقت نہیں گزار سکے خاص کر کہ وہ جب بڑی ہو رہی تھیں لیکن اب وہ بہت خوش ہیں کہ ان کے پاس اپنی سب
سے چھوٹی بیٹی عروہ کے لئے وقت ہے۔شاہد آفریدی نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ ﷲ تعالیٰ عروہ سمیت تمام بچوں کی حفاظت فرمائے۔سوشل میڈیا پر اپنے اکاؤنٹس پر شاہد آفریدی نے بیٹی کے ہمراہ جو تصاویر شیئر کیں وہ انکے مداحوں کو بےحد پسند آئیں۔ جن پر کچھ ہی گھنٹوں میں لاکھوں لائکس کئے گئے اور ہزاروں تعریفی کمنٹس بھی لکھے گئے۔شاہد آفریدی 5بیٹیوں کے باپ ہیں۔ ان کی سب سے چھوٹی بیٹی عروہ اس سال فروری میں پیدا ہوئی۔شاہد آفریدی اکثر سوشل میڈیا پر اپنی بیٹیوں کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے رہتے ہیں جبکہ ماضی میں کئی بار آفریدی کی بیٹیاں والد کو کرکٹ گراؤنڈ میں سپورٹ کرنے بھی جا چکی ہیں۔