ینگ انجینئرز ایسوسی ایشن کا پی ای سی انتخابات کے بائیکاٹ پر غور

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ینگ انجینئرز ایسوسی ایشن کا پاکستان انجینئرنگ کونسل کے انتخابات کے بائیکاٹ پر سنجیدگی سے غور، چیئرمین ینگ انجینئرز ایسوسی ایشن انجینئر عارف روان کا نوجوان انجینئرز کی دیگر تنظمیوں کے عہدیداروں سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ، ذرائع کے مطابق ینگ انجینئرز ایسوسی ایشن کا ایک اہم اجلاس چیئرمین وائی ای اے انجینئر عارف روان کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے انتخابات کے حوالے سے ینگ انجینئرز ایسوسی ایشن کی حکمت عملی پر غور کیا گیا، ذرائع کے مطابق اجلاس میں ینگ انجینئرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا کہ جب تک ینگ انجینئرز کو پاکستان انجینئرنگ کونسل کی گورننگ باڈی میں نمائندگی نہیں ملتی ان کے مسائل حل نہیں ہوسکتے، ینگ انجینئرز کے مسائل کے حل کا واحد راستہ انکی نمائندگی کو تسلیم کرنا ہے، وائی ای اے کے عہدیداروں نے موقف اختیار کیا کہ ینگ انجینئرز پی ای سی کے انتخابات میں تقریبا تمام ہی دھڑوں کو آزما چکے ہیں، تمام برسر اقتدار گروپوں میں سے کسی نے بھی پاکستان انجینئرنگ کونسل میں ینگ انجینئرز کی نمائندگی کیلئے حقیقی کوشش نہیں کی، ینگ انجینئرز کو ان انتخابات کا بائیکاٹ کرنا چاہیے، ذرائع کے مطابق وائی ای اے کے عہدیداروں نے چیئرمین انجینئر عارف روان کو دیگر گروپس کے ساتھ مشاورت کرکے فیصلے کا اختیار دیا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں