لاہور(نیوز ڈیسک)جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 145 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔اس سے قبل پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 145 رنز کا ہدف دیا تھا، محمد رضوان نے شاندار نصف سنچری اسکور کی تھی۔قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 10 رنز پر گری جب بابر اعظم 5 رنز بنا کر
پریٹوریس کی گیند ایل بی ڈبلیو ہوئے، حیدر علی 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے 41 گیندوں پر 51 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 6 چوکے شامل تھے۔حسین طلعت 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، افتخار احمد ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور 20 رنز بنا کر پریٹوریس کی گیند پر ملر کو کیچ دے بیٹھے، خوشدل 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے کلین بولڈ ہوگئے۔آل راؤنڈر فہیم اشرف 12 گیندوں پر 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے پریٹوریس نے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تبریز شمسی اور فلک وایو ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔اس سے قبل دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں جنوبی افریقہ کے ٹاس جیت کر قومی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، جنوبی افریقی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ آج ہمیہں پچ بہتر لگ رہی ہے اچھا کھیل پیش کریں گے، کھلاڑی اپنا پلان بنا کر کھیلتے ہیں، کارکردگی اہمیت رکھتی ہے۔دوسری جانب جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان کلاسن کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے پاکستانی ٹیم کو کم سے کم اسکور پر آؤٹ کریں میچ جیت کر سیریز برابر کرنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تین رنز سے شکست دی تھی۔