نئی دہلی(نیوز ڈیسک) نامور بالی ووڈ اداکار سنجے دت میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سنجے دت کو علاج کیلئے جلد امریکا منتقل کیا جائے گا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے نام جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں علاج کے سلسلے میں کام سے عارضی طور پر بریک لے رہا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے گھر والے اور دوست ساتھ ہیں، میں اپنے تمام مداحوں سے درخواست کروں گا کہ وہ غیر ضروری افواہوں پر کان نہ دھریں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کی محبت اور دعاوں سے میں جلد واپس آؤں گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سنجے دت کو سانس لینے میں تکلیف محسوس کرنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ بھی ہوا۔ رپورٹ میں ان کے وبا سے متاثر نہ ہونے کی تشخیص ہوئی۔بعد ازاں سنجے دت نے اپنی خیریت کے حوالے سے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ سب لوگ اطمینان رکھیں میں بالکل ٹھیک ہوں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ ڈاکٹرز نے طبی معائنے کی غرض سے اسپتال میں رہنے کا مشورہ دیا ہے۔