لاہور( نیوز ڈیسک) جنت مرزا نے کہا ہے کہ اگر پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی ختم ہو جاتی ہے تو ٹک ٹاک کو ویڈیوز اپلوڈ کرنے کا کوئی ضابطہ طے کرنا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاک پر پابندی کے بعد ٹک ٹاک سٹار جنت مرزا کا کہنا ہے کہ میں نے ایک دن میں 10 ملین فالورز کا اعزاز حاصل نہیں کیا تھا، اس کے لیے محنت لگی تھی جو کہ چند لوگوں کی وجہ سے ضائع ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک کو کچھ ضابطے طے کرنے چاہییں جن کے تحت ویڈیوز اپلوڈ ہوں اور کسی کو ایپ پر پابندی نہ لگانی پڑے۔ ایسی پابندی سے اصلی ٹیلنٹ متاثر ہوتا ہے۔ نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں
ٹک ٹاک سٹار نے کہا کہ فیس بک، انسٹاگرام وغیرہ جیسے پلیٹ فارمز نے ویڈیو اپلوڈ کر کے اسے ریویو کرنے کا ایک مکمل سیٹ اپ بنایا ہوا ہے، جس کی وجہ سے ان پلیٹ فارمز پر غیر اخلاقی ویڈیوز اپلوڈ نہیں ہوتی ہیں۔انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت ٹک ٹاک کو دوبارہ چلانے کا فیصلہ کرتی ہے تو ٹک ٹاک انتظامیہ کو چاہیے کہ ویڈیوز اپلوڈنگ کے حوالے سے کوئی ضابطہ طے کیا جائے۔ یاد رہے کہ ٹک ٹاک سٹار جنت مرزا نے آج ہی ٹک ٹاک ایپلیکیشن پر 10 ملین فالورز حاصل کر کے ٹک ٹاک پر سب سے مشہور پاکستانی بن گئی تھیں۔ اس کے علاوہ جنت مرزا نے انسٹاگرام پر بھی 1 ملین فالورز حاصل کیے تھے۔واضح رہے کہ : پاکستان میں چینی سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی گئی۔اطلاعات کے مطابق معروف سوشل میڈیا ایپ پر پابندی غیر قانونی و غیر اخلاقی مواد کو روکنے کیلئے مؤثر مکینزم تیار کرنے پر ناکامی پر لگائی گئی۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق معاشرے کے مختلف طبقوں کی جانب سے ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیر مہذب مواد کی موجودگی کی شکایات کی تھیں جس کے بعد ایپ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔ترجمان پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک موبائل ایپلی کیشن کوپاکستان کےتمام نیٹ ورک پربندکرنےکافیصلہ کیا گیا ہے، پی ٹی اے نے موبائل فون کمپنیوں کو ہدایت جاری کردی ہیں۔پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک انتظامیہ کے ساتھ اپنے تحفظات شیئر کیے گئے تھے اور انہیں پی ٹی اے کی ہدایات پر عمل کے لیے مناسب وقت بھی دیا گیا تھا تاہم ٹک ٹاک انتظامیہ ہدایات پر عمل کرنے میں ناکام رہی جس کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔