اسلام آباد(نیوز ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر نے ایک بار پھر جنسی ہراسانی سے متعلق بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں انڈسٹری میں عمر سے دگنا طاقتور شخص ہراساں کرتا رہا اور وہ 15 برس تک خاموش رہیں۔عائشہ عمر نے اداکارہ اور ڈائریکٹر روز میکگوان سے انسٹاگرام لائیو سیشن کے دوران مختلف موضوعات کے ساتھ شوبز انڈسٹری میں جنسی ہراسانی سے متعلق موضوع پر بھی گفتگو کی۔ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے انڈسٹری میں قدم رکھا تو اس وقت میری عمر 23 سال تھی اور اس وقت میری عمر سے دُگنے طاقتور آدمی نے مجھے جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا اور یہ سلسلہ برسوں تک چلتا رہا۔
اداکارہ نے بتایا کہ یہ محض ایک بار نہیں ہوا، اس کا سلسلہ کئی عرصے چلتا رہا لیکن میں اس پر کوئی کارروائی نہیں چاہتی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جو میرے ساتھ ہورہا تھا میں نے اسے جیسے ایک ڈبے میں بند کردیا اور کہا ٹھیک ہے یہ میری زندگی میں ہورہا ہے اور مجھے اس سے نمٹنا ہے۔عائشہ عمر نے کہا کہ 15 برس تک میں نے یہ بات کسی کو نہیں بتائی کیونکہ میں یہ بات کسی سے شیئر نہیں کرنا چاہتی تھی، میں نے اسے وہیں رہنے دیا، کسی کو نہیں بتایا اور آخر کار میں نے 2 برس پہلے یعنی 2018 میں کسی سے اس بارے میں بات کی۔اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے مجھ سے پوچھا کیا انڈسٹری میں جنسی ہراسانی ہوتی ہے اور یہ پہلی بار تھا کہ میں نے کہا تھا کہ ہاں ایسا ہوتا ہے۔عائشہ عمر نے کہا کہ انہوں نے مجھ سے پوچھا تھا کہ کیا آپ کے ساتھ ایسا ہوا تھا اور میں نے کہا کہ ہاں اور میں اس پر کسی دن بات کروں گی لیکن آج نہیں۔