لاہور(نیوز ڈیسک) حفیظ سنٹر میں لگنے والی آگ پر 5 گھنٹے بعد بھی قابو نہیں پایا جا سکا، آگ چوتھی منزل کے بعد پلازے کی پچھلی طرف بھی پھیل گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گلبرگ میں معروف پلازے حفیظ سنٹر میں صبح 6 بجے لگنے والی آگ پر 5 گھنٹے بعد بھی قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ کمشنر لاہور ذوالفقار گھمن کے مطابق اس وقت ریسکیو کی 33 گاڑیاں اور 70 سے زائد اہلکار آگ بجھانے اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ذرائع کے مطابق فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیوں میں پانی ختم ہو گیا جس کے بعد واسا سے پانی منگوایا جا رہا ہے۔
جبکہ لاہور میں فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کی کمی کے باعث شیخوپورہ سمیت اردگرد کے اضلاع سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں منگوائی گئی ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حفیظ سنٹر میں لگنے والی آگ پر جلد از جلد قابو پانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ریسکیوحکام نے بتایا کہ پلازے میں موبائل، کمپیوٹر اور الیکٹرونس کی دکانیں ہیں، اور آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تعین نہیں کیا جا سکا، پلازے کی چھت پر کئی سو لیٹر جرنیٹر کے لئے ڈیزل موجود ہےاور آگ پلازے کی چھت کی جانب پھیل رہی ہے جس سے مزید نقصان ہونے کا خدشہ ہے، تاہم اتوار کا روز ہونے کی وجہ سے مارکیٹ بند تھی اور فی الحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔پلازے کے باہر شہریوں اور دکان داروں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی، ٹریفک پولیس نے مین بلیووارڈ کو مخصوص مقامات سے بند کر دیا اور پولیس کی بھاری نفری شہریوں کو پلازے سے دور رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نے انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے، اور حفیظ سنٹر میں آتشزدگی پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور ریسکیو 1122آگ پر قابو پانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں، پلازے میں پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکالنا پہلی ترجیح ہے۔آئی جی پنجاب انعام غنی کی گلبرگ پلازے میں لگی آگ پر قابو اور ریسکیو ورک کیلئے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں، آئی جی نے ڈی آئی جی آپریشن لاہور اشفاق خان اور ڈویژنل ایس پی کو موقع پر رہنے کی ہدایت
کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس ٹیمیں ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر فائر فائٹنگ آپریشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے امدادی ٹیموں اور شہریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے، آگ پر جلد از جلد قابو پا کر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے، ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک پولیس ٹیمیں موقع پر موجود رہیں۔