کراچی(نیوز ڈیسک) گاڑی کھاتا میں دودھ کی دکان کے مالک نے خراب دودھ ضائع کرنے کے بجائے اس کا شربت بنا کر علاقہ مکینوں کو پلا دیا جس کے باعث 43 افراد کی حالت خراب ہوگئی۔کراچی کے علاقے گاڑی کھاتا سائیکل مارکیٹ میں دودھ فروش نے خراب دودھ کا شربت بنا کر بانٹ دیا جسے پی کر بچوں اور بڑوں کی حالت خراب ہوگئی جس کے باعث انہیں فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا
جن میں 28 بچے اور 15 بڑے افراد شامل ہیں۔شربت پینے والوں کی حالت غیر ہونے پر علاقہ مکینوں نے دودھ فروش کی دکان پر دھاوا بول دیا جہاں پر دودھ کی دکان کا مالک تو نہیں تھا تاہم علاقہ مکینوں نے ملازموں کو گھیر لیا۔ایک ملازم نے بتایا کہ 7 من خراب دودھ میں مالک نے شربت بنا کر بانٹنے کا کہا تھا۔پولیس نے دکان کے چاروں ملازموں کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔