لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے زمینوں پر قبضے روکنے اور قیمتی اثاثوں کی حفاظت کیلئے پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا

لاہور(نیوز ڈیسک)قبضہ مافیا کیخلاف پاک فوج کے ریٹائرڈ اہلکاروں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایل ڈی اے نے شہر میں زمینوں پر غیر قانونی قبضوں کی روک تھام کیلئے اہم فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حال ہی میں ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا ج سکی صدارت وائس چئیرمین اتھارٹی نے کی۔یہ 2021 کا دوسرا گورننگ باڈی اجلاس تھا۔ اجلاس کے دوران شہر میں قیمتی سرکاری زمینوں کو قبضہ مافیا سے بچانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس سلسلے میں پاک

فوج کے ریٹائرڈ اہلکاروں کی خدمات حاصل کی جائیں۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے گورننگ باڈی اجلاس کے دوران زمینوں پر قبضے روکنے اور قیمتوں اثاثوں کی حفاظت کیلئے پاک فوج کے ریٹائرڈ اہلکاروں کو بھرتی کرنے کی منظوری دے دی گئی۔جبکہ قبضہ مافیا کیخلاف کاروائیوں کیلئے لاہور کے دیگر اداروں کو بھی آن بورڈ لینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ فیصلہ کیا گیا کہ گزشتہ حکومتوں میں بیواوں اور ضرورت مند افراد میں سرکاری زمینوں کی تقسیم کی بھی مکمل چھان بین کی جائے۔ یہاں واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت میں لاہور سمیت پنجاب بھر کے بڑے شہروں میں قبضہ مافیا کیخلاف کاروائیوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ان کاروائیوں کو پنجاب کی حالیہ تاریخ میں قبضہ مافیا کیخلاف سب سے بڑا آپریشن قرار دیا جا رہا ہے۔ اس دوران خاص کر مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے مبینہ قبضہ گروپ بھی حکومت کے نشانے پر آئے ہیں۔ کچھ روز قبل ہی لاہور کے بڑے گروپ کھوکھر برادران کیخلاف آپریشن شروع کیا گیا، اس دوران صوبائی حکومت نے لیگی رہنماوں کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی زمین واگزار کروا لی۔ جبکہ یہ اطلات بھی آئی ہیں کہ صوبائی حکومت ن لیگ سے تعلق رکھنے والے 50 دیگر مبینہ قبضہ گروپوں کیخلاف بھی کاروائیاں شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کر چکی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں