اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سینئر پارلیمنٹرین، سابق وزیرحکومت طاہر کھوکھر تحریک انصاف میں شامل،شمولیت کا باضابطہ اعلان گزشتہ روز ایک وفد کی صورت میں پی ٹی آئی سیکرٹریٹ گلبرگ گرین اسلام آباد میں صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کے بعد کیا، بیرسٹر سلطان محمود کی قیادت پراعتمادکااظہار۔طاہر کھوکھر جو آزادکشمیر میں متوسط طبقہ کی سیاست اور عوامی حقوق کیلئے خواہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں سیاسی جدوجہد کی ایک منفردتاریخ رکھتے ہیںنے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ریاست مدینہ کے فلسفہ،
غریب عوام سے عملی ہمدردی ، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے 70 سالہ جمود توڑتے ہوئے عملیت پسندی پر مبنی حکمت عملی اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی آزادکشمیر میں گڈگورننس اورمسئلہ کشمیر کے حوالے سے تاریخی جدوجہد سے متاثر ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔یاد رہے کہ طاہر کھوکھر زمانہ طالب علمی سے ہی عملی سیاست میں فعال کردار ادا کررہے ہیں ۔ وہ پی ایس ایف آزادکشمیر کے صدر رہنے کے علاوہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے قریبی بااعتماد ساتھیوں میں بھی شمار ہوتے تھے ۔ اور پہلی مرتبہ پی پی کے ٹکٹ پر ہی آزادکشمیر میں ممبر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے ، اور پی پی کی حکومت کے باوجود اس دور میں بھی طاہرکھوکھر کارکنان اور عوام کے حقوق کی آواز بلند کرتے رہے۔بعدازاں پی پی کی مفادپرست سیاست سے بددل ہو کر وہ متحدہ قومی موومنٹ جو غریب اور متوسط طبقات کے حقوق کی داعی اور جاگیردارانہ نظام کیخلاف تھی میں شمولیت اختیار کی اور خدمت خلق فائونڈیشن کے پلیٹ فارم سے 2005 کے زلزلہ کے بعد متاثرین کی بے مثال مدد کی اور امدادی کارروائیاں میں حصہ لیتے رہے۔ ایم کیو ایم کے ہی ٹکٹ پر طاہرکھوکھر دو مرتبہ ممبر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے اور بحیثیت وزیرسیاحت ، آثار قدیمہ ، وائلڈلائف ، ٹرانسپورٹ ، امدادباہمی آزادکشمیر میں پہلی مرتبہ محکمہ جاتی اصلاحات کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔آزادکشمیر کی تاریخ میں پہلی پر سیاحت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کئے اور محکمہ سیاحت کو خسارہ سے نکال کر منافع بخش ادارہ میں تبدیل کیا۔ محکمہ آثار قدیمہ میں تاریخی اصلاحت کیں۔ بحیثیت وزیرٹرانسپورٹ عوامی مفادات کیلئے طویل جدوجہد کی
اور قاتلانہ حملے تک برداشت کئے لیکن آزادکشمیر میں ٹرانسپورٹ مافیا کی اجارہ داری ختم کی اور عوام کو معیاری اور سستی ٹرانسپورٹ کی فراہمی کیلئے نئی کمپنیوں کی سرپرستی کی۔اسی طرح محکمہ امدادباہمی جو مکمل غیر فعال ہوچکا تھا کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑے کرنے کی کوشش کی لیکن بعدازاں چوہدری مجید حکومت سے اختلافات کی بناء پر وزارت سے استعفی دے دیا۔ طاہر کھوکھر کی تحریک انصاف میں شمولیت آزادکشمیر بھر کے سیاسی کارکنان اور عوام کیلئے ہوا کا ایک خوشگوار جھونکا ہے کیونکہ عوام جانتے ہیںکہ طاہرکھوکھر ان کی آوازاقتدار کے ایوانوں تک پہنچاتے رہیں گے اور غریب عوام کو ان کی صورت میں زبان ملے گی۔