لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار منیب فاروق نے کہا ہے کہ ق لیگ سمجھتی ہے، ن لیگ الیکشن میں کلین سویپ کرجائے گی، نوازشریف کو پنجاب انتخابی مہم چلانے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی،زمینی حقائق یہ ہے یہ ن لیگ کلین سویپ کرجائے گی، لیکن حکومت کی عجیب سیاست ہے کہتے شریف برادران کی سیاست ختم ہوگئی۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف اور تجزیہ کار روزانہ مسلم لیگ ن کو ختم کرنے نکلتے ہیں، شہباز شریف ختم ہوگیا، مریم نواز ختم ہوگئی، لیکن عجیب بات ہے کہ حکومت کی پنجاب میں اتحادی جماعت، جس کے بل بوتے پر حکومت
کھڑی ہوئی ہے، ان کے بارے میں بتاتا ہوں کہ مسلم لیگ ق سمجھتی ہے اگرآج پنجاب میں الیکشن ہوں تو ن لیگ کلین سویپ کرے گی، نوازشریف کو پنجاب انتخابی مہم چلانے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔عجیب سیاست ہے کہ شریف برادران کی سیاست ختم ہوگئی ہے، لیکن زمینی حقائق سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ایک بات بہت گھٹیا لگتی ہے کہ مریم نواز کو نوازشریف سے علیحدہ کرو، اس کو جان بوجھ کر مریم صفدر کہو، بیگم صفدر اعوان کہو۔ ایک بیٹی سے اس کا باپ کا نام چھین رہے ہو۔ یہ اس کا حق ہے کہ وہ اپنے باپ کا نام اپنے ساتھ لگانا چاہتی ہے۔ واضح رہے ن لیگی نائب صدر مریم نواز نے بھی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ میں پوچھنا چاہتی ہوں کہ اب مجھے اچانک کیوں گرفتار کرنے کا خیال کیوں آیا؟ میرا ذاتی خیال ہے کہ ان کو خوف ہے جو ان کے اندرونی سروے ہورہے ہیں، وہ خبر ہم تک پہنچتی ہے، ان سروے میں نوازشریف اور ن لیگ کا گراف بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔ان کے سروے کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب میں کلین سویپ کررہی ہے۔ عمران خان اس لیے اقتدار سے چپکے ہوئے ہیں، کہ پہلے آنے اور اب جانے کا خوف ہے، کیونکہ انہوں نے اتنے ظلم کیے کہ اب ان کو اپنے انجام سے خوف آتا ہے۔ پاناما ، اقامہ، باقی چیزیں بھی ختم ہوگئیں۔ مسلم لیگ ن نے بہت سہہ لیا ہے، آپ کا کیا ہوگا جب آپ کی 6مہینے کی مہلت ختم ہوگی۔ آپ نے توخود اپنی زبان سے کہا ہے کہ چھ مہینے ملے ہیں پھر معاملات کہیں او ر چلے جائیں گے۔ آپ نے فرمایا کہ میں نے کشتیاں جلادی ہیں، اس کا مطلب یہ ہے اب آپ کے پاس کوئی راستہ نہیں ہے۔