لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان ریلویز میں پہلی مرتبہ مقرر کی جانے والی کسی بھی خاتون اسٹیشن منیجر کو تعیناتی کے چند گھنٹوں بعد ہی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ سیدہ مرضیہ زہرہ کو 7؍ اگست کو اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ سی ایس ایس کا امتحان پاس کرکے پاکستان ریلویز کا حصہ بننے والی خاتون کو لاہور میں اسٹیشن مینیجر کا عہدہ دیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسٹیشن ماسٹرز کی یونین نے ان کی تعیناتی کی سخت مخالفت کی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان ریلویز کی انتظامیہ نے فوری طور پر زہرہ کی تعیناتی
واپس لے لی، انہیں یہ ذمہ داری اضافی طور پر دی گئی تھی، ان کے پاس اسسٹنٹ ٹرانسپورٹیشن افسر اول (اے ٹی او ون) کا عہدہ بھی تھا۔سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جمعہ کو ریلوے انتظامیہ نے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس میں مس زہرہ کو لاہور اسٹیشن مینیجر کا چارج دیا گیا تھا۔ اس پر اسٹیشن ماسٹرز ایسوسی ایشن (سیمپرز یونین) نے سی ایس ایس افسر کی تعیناتی پر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ یہ عہدہ عارضی یا مستقبل بنیادوں پر اسٹیشن ماسٹرز کے کیڈرز سے ہی کسی کو پر کرنا ہے۔