لاہور(نیوز ڈیسک)وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کی مشاورت سے جیلوں میں اصلاحات پر کام کریں گے۔مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل سے ملاقات کے دوران صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی پیرول پر رہائی، رحم کی اپیل، خاندان سے ملاقاتوں کے سلسلےمیں نرم پالیسیاں حکومت کی ترجیح ہیں۔اس موقع پر فیاض الحسن چوہان نے مولانا طارق جمیل کی خیریت اور صحت کے بارے میں دریافت کیا جب کہ مولانا طارق جمیل نے فیاض الحسن چوہان کو جیل خانہ جات کا قلمدان ملنے پر مبارکباد دی۔
مولانا طارق جمیل نے صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات کو اسلام میں قیدیوں کے حقوق اور ریاست کے فرائض سے متعلق نصیحت کی۔فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اسلام تمام قیدیوں کوعزت نفس، تعلیم، ذہنی و جسمانی صحت اور مذہبی آزادی دیتا ہے۔چند ماہ قبل وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے خلاف عوامی آگاہی مہم کے لیے ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل کی خدمات کو سراہا تھا۔وزیر اعظم سے مولانا طارق جمیل نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ دوران ملاقات عمران خان نےکہا کہ کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے علمائے کرام کا تعاون درکار ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا تھا کہ وہ بہت جلد علمائے کرام کے وفد سے ملاقات کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ حکومتی کوششوں کا مقصد عوام کو ایک ایسی وبا سے محفوظ رکھنا ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ علمائے کرام نے ہر موڑ پر اور ہر مشکل کی گھڑی میں حکومت کی رہنمائی کی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماہ رمضان کے پیش نظر علمائے کرام کی مشاورت سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا ۔