لاہور(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ایک نہتی لڑکی نے پوری ووٹ چورحکومت ہلا دی ہے، گندے نظام کے گندے وزیر سے گندی ذہنیت کے بیانات کی ہی توقع کی جاسکتی ہے، ذاتیات پر اترنے والوں کی بدزبانی ان کی سیاسی ناکامی اور اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے مریم نواز سے متعلق نازیبا بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ایک نہتی لڑکی کے خوف میں پورا سلیکٹڈ ٹولا مبتلا ہے۔اکیلی لڑکی نے پوری ووٹ چور حکومت ہلا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندے نظام کے گندے وزیر سے گندی ذہنیت کے بیانات کی ہی توقع کی جاسکتی ہے۔
ذاتیات پراترنے والوں کی بدزبانی ان کی سیاسی ناکامی اور اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت ہے۔بیمار ذہن آٹا، چینی ووٹ چوروں کے پاس پاکستان اور جی بی کےعوام کیلئے کچھ نہیں۔ واضح رہے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے انتخابی جلسے کے دوران مریم نواز کی ذاتیات پر بھی تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز گلگت بلتستان میں انتخابی مہم پر آئی ہوئی ہے۔ یہ بھی سن لو، میں سچ کہوں گا کہ مریم نواز خوبصورت تو ہے، لیکن یہ خوبصورتی عوام کے ٹیکس کے پیسے کی ہے۔ انہوں نے مریم نواز کی ذات پر تنقید کی اور کہا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسے نوازشریف کی دو حکومتوں میں مریم نواز نے کروڑوں روپے کی سرجریاں کروائی ہیں، یہ خوبصورتی بھی عوام کے پیسے کی ہے۔میں یہاں کسی کو بھی اٹھا لو، اور اس کی سرجریاں کروا دوں، تو آپ بھی براڈپٹ اور ٹام کروز بن جاؤ گے۔ دوسری جانب سینئر صحافی حامد میر نے اپنے ٹویٹ میں علی امین گنڈا پور کے بیان پر کہا کہ یہ کیا گفتگو ہے؟ وزیراعظم نے نانی کہا اور وزیر امور کشمیر جو کہتے ہیں وہ سن کر افسوس سے زیادہ شرم محسوس ہوتی ہے ان صاحب کی باتیں سن کر مجھے انکی شہد کی بوتل یاد آ جاتی ہے ڈاکٹر شیریں مزاری صاحبہ جیسی باوقار خواتین کو اپنے ساتھیوں کی ایسی گفتگو کا نوٹس لینا چاہئیے۔