حسن ابدال(نیوز ڈیسک) وزیراعطم عمران خان نے کہا ہے کہ بڑی دیرکے بعد معیشت اب آگے بڑھ رہی ہے ، خواہش ہے پاکستان ایسا ملک بنے جسے کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے پڑیں ، پاکستان وہ ملک بن جائے جسے کسی سے قرضے نہ لینے پڑیں۔ تفصیلات کے مطابق حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ٹرین سستے اور آرام دہ سفر کا ذریعہ ہے ، ریلوے نئے پاکستان میں بہت اہمیت رکھتی ہے، ایم ایل ون کے ذریعے کراچی سے لاہور کا سفر 7 گھنٹے پر مشتمل ہوگا ، ایم ایل ون سے ہماری معیشت کو فائدہ ہوگا ،
کیوں کہ ایم ایل ون سے پاکستان میں پہلی بارریلوے میں سب سے بڑی سرمایہ کاری آرہی ہے ، ریلوے اہمیت اس لیے رکھتی ہے کیوں کہ یہ عام اور غریب آدمی کی سواری ہے ، لیکن بد قسمتی سے ہم نے انگریز کے دیے گئے ریلوے نظام کو ترقی نہیں دی ، تاہم ایم ایل ون کا پاکستان کی معاشی سرگرمیوں میں بہت بڑا ہاتھ ہوگا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خواہش ہے پاکستان وہ ملک بنے جسے قرض نہ لینے پڑیں ، چاہتے ہیں سکھ برادری کی مدد کریں ، ریلوے اسٹیشن سے سکھ برادری کیلئے آسانیاں پیدا ہوں گی ، نئے پاکستان میں سب مذہب کے لوگ برابر ہیں سیاحت کو بہتر بنالیں تو کسی سے قرضہ مانگنے کی ضرورت نہیں رہے گی سیاحت کو بہتر بنانے کے لیے ہمیں ہر طرح کی سہولیات دینی ہیں۔اس موقع پر وزیراعطم عمران خان کی طرف سے حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کردیا گیا ، ریلوے اسٹیشن کو اپ گریڈ کرکے سہولتوں کو بہتر بنایا گیا ہے ، کیوں کہ حسن ابدال ریلوے اسٹیشن سیاحت کے حوالے سے بھی اہمیت کا حامل ہے ، وزیراعظم نے سکھ یاتریوں کیلئے تیار کی گئی ٹرین کا بھی جائزہ لیا ، عمران خان نے بوگیوں میں جدید سہولتوں کا بھی جائزہ لیا ، اس دوران وزیرریلوے شیخ رشید بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے ، جب کہ گورنر خیبرپختونخوا ، وفاقی وزیر مراد سعید بھی موجود تھے ۔