لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت کی طرف سے ایک ماہ میں ادویات کی قیمتوں میں دوسری بار اضافہ کردیا گیا ، ادویات کی قیمتوں میں 22 سے35 فیصد اضافے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مقامی فارماسسٹ نور مہر نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے پہلا نوٹی فکیشن گزشتہ ماہ کی 17تاریخ کو جاری کیا گیا جوکہ 27 کو منظر عام پر آیا جب کہ رواں ماہ کی 5 تاریخ کو جاری کیا گیا نوٹی فکیشن آج سامنے آیا جن کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں 22 سے 35 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے، اور مجموعی طور پر253 ادویات کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں، جب کہ پاکستان میں ادویات کی
قیمتیں پہلے ہی زیادہ ہیں ، اس صورتحال میں حکومت کی طرف سے کیا گیا نیا اضافہ مریض کش ہے۔دوسری طرف ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد دوائیاں بنانے والی کمپنیوں کا منافع بھی بڑھ گیا ، ادویہ ساز کمپنیوں کے خالص منافعے میں 69 فیصد اضافہ ہوگیا ، بتایا گیا ہے کہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں 5 بڑی کمپنیوں نے خالص منافع کی مد میں 6 ارب روپے سے زائد کا فائدہ اٹھایا ، کورونا کے باعث روایتی ادویات کی فروخت میں کمی ہوئی تاہم اس عرصے میں وٹامنز اور سپلیمنٹ کی مانگ میں اضافہ ہوچکا ہے ، پچھلے دو سالوں میں ادویات کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے نتیجے میں کمپنیوں کا منافع بھی 69 فیصد تک بڑھ چکا ہے ، حالاں کہ اس عرصے میں ادویات کی فروخت صرف 4 فیصد بڑھی ، تاہم دوائیں مہنگی ہونے کی وجہ سے 5 بڑی کمپنیوں کے منافع میں 6 ارب 21 کروڑ 70 لاکھ روپے اضافہ ہوا ، جب کہ تازہ خبر کے مطابق حکومت کی طرف سے ایک ماہ میں ادویات کی قیمتوں میں دوسری بار اضافہ کردیا گیا ، ادویات کی قیمتوں میں 22 سے35 فیصد اضافے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔