لاہور (نیوز ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے پھل فروشوں اور میڈیکل اسٹورز پر بھی پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے، میڈیکل اسٹورز، پھل فروشوں اور پرچون دکانداروں کو 2 ہفتے کا نوٹس دیا جائے، دو ہفتوں کے بعد خلاف ورزی پر دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ابوذر سلمان خان نیازی ایڈووکیٹ کی درخواست پر محکمہ تحفظ ماحول کو عبوری تحریری حکم میں کہا کہ میڈیکل اسٹورز، پھل فروشوں اور پرچون دکانوں پر بھی پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کیلئے عملدرآمد کرایا جائے۔ان دکانداروں کو پلاسٹک بیگز کا استعمال
ترک کرنے کے لیے 2 ہفتے کا نوٹس جاری کیا جائے۔اگر ٹائم فریم کے بعد بھی پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کی خلاف ورزی کی جائے تو دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ تحریری حکم میں عدالت نے کہا کہ ڈی جی ماحولیات گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں پلاسٹک بیگز پر پابندی کے حکم پر عملدرآمد کے لئے علاقائی افسران کو احکامات جاری کریں۔گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں بیکریز اور ڈیپارٹمنٹل اسٹورز کو پلاسٹک بیگز کا استعمال ترک کرنے کیلئے 2 ہفتے کا وقت دیا گیا ہے۔ ٹائم فریم گزرنے کے بعد گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں محکمہ ماحول کے افسران عدالتی حکم پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ عدالت نے کہا کہ وائس چیئرمین ایل ڈی اے کے مطابق نئے تعمیراتی و ترقیاتی پراجیکٹس میں ماحولیات آلودگی سے بچاؤ کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کیلئے قواعد و ضوابط بنائے جانے کا بیان بھی وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران نے دیا ہے،عدالت نے تحریری حکم میں مزید کہا کہ آئندہ سماعت پر ایل ڈی اے کی طرف سے بھی ماحولیاتی آلودگی کیخلاف قواعد و ضوابط کی رپورٹ پیش کی جائے۔عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 9 ستمبر مقرر کرتے ہوئے عدالت برخاست کر دی۔