لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)اینکر پرسن مبشر لقمان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز کو بیگ تیار رکھنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو میں اینکر پرسن نے کہا کہ نوازشریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز کو بیگ تیار رکھنے کی ہدایت اس لیے کہ ہے کہ اگر حکومت مخالف تحریک کے دوران کسی موقع پر گرفتاری دینے کی نوبت آئے تو سینہ تان کر گرفتاری دی جائے، یہ بات مریم نواز نے خود پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کے ساتھ خطاب کرتے ہوئے بتائی۔مبشر لقمان نے کہا کہ نوازشریف لندن میں بیٹھ کر کارکنوں کا لہو گرما رہے ہیں،
یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ پارٹی قائد لندن میں بیٹھ کر کارکنوں کو بزدلی نہ دکھانے کی تلقین کررہا ہے، حالانکہ لیڈر آگے ہوتا ہے جب کہ کارکن اس کے پیچھے ہوتے ہیں، اس طرح سے تحریکیں کامیاب نہیں ہوتیں، حکومت گرانا اگر اتنا ہی آسان ہوتا اور لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب سے حکومتیں جاتیں تو پھر شاید ہی کوئی حکومت اپنی مدت پوری کرسکتی۔دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازنے کہاہے کہ حکومت گوجرانوالہ جلسے سے خوفزدہ ہو گئی ہے 16اکتوبر کو ہر صورت جلسہ ہوگا اس لئے بھرپور تیاریاں کی جائیں، ذرائع کے مطابق مریم نواز نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ گرفتاری سے بچیں اور 15 اکتوبر کو گھروں پر نہ سوئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ووٹ کو عزت دو پاسبان بننے والے پی پی 162 کے کارکنان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔مریم نواز نے کہا کہ پاسبان رضا کار جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے لوگوں کو ساتھ ملائیں،حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر عوام کو حقائق دکھائیں۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز نے پاسبان رضا کاروں کو ممکنہ گرفتاریوں سے بچنے کی ہدایت کی ۔