اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے مہنگائی میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے یوٹیلٹی اسٹورز کو وافر مقدار میں چینی دینے کرلیا، یوٹیلٹی اسٹورز کو درآمد شدہ چینی سے 25 ہزار میٹرک ٹن دی جائے گئی، یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی سرکاری نرخوں پر سستی فروخت کی جائے گی۔ ذرائع وزارت صنعت وپیداوار کے مطابق حکومت نے عوام کی بنیادی اشیائے ضروریہ سستے داموں عوام کو فراہم کرنے لیے اقدامات اٹھانا شروع کردیے ہیں۔حکومت نے چینی کی قلت دور کرنے اور سرکاری نرخوں پر سستی چینی فروخت کرنے کیلئے یوٹیلٹی اسٹورز کو درآمدی چینی دینے کا فیصلہ کیاہے۔
جس کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز کو درآمد شدہ چینی سے25 ہزارمیٹرک ٹن دی جائےگئی۔ بتایا گیا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کو چینی 25 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی، سیکیورٹی صورتحال اور مہنگائی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کابینہ اجلاس میں بجلی گیس وادویات کی بڑھتی قیمتوں پر بحث ہوئی اور متعدد وزرا نے مہنگائی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ہنگامی اقدامات لینے کا مطالبہ کیا۔ذرائع کے مطابق وزیرمواصلات مراد سعید، وزیر ریلوے شیخ رشید اور فیصل واوڈا سمیت دیگر نے اجلاس کے دوران مہنگائی کا معاملہ اٹھایا۔کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں و ضلعی انتظامیہ کو اشیا کی دستیابی یقینی بنانا ہو گی۔اس موقع ہر وزیراعظم نے مہنگائی میں کمی کیلئے ہنگامی اقدامات کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حکومت جلد ایکشن پلان پرعملدرآمد شروع کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے سرکاری مشینری متحرک کریں گے۔ ہماری پوری توجہ مہنگائی کنٹرول کرنے پر ہو گی، ساری صورتحال مانیٹر کر رہا ہوں۔ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس کے دوران فیصل واوڈا نے سابق حکومتی شخصیات سے مراعات واپس لینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا ہ سابق صدور،گورنر،وزرائےاعلیٰ کودی گئی مراعات واپس لی جائیں یہ غیرضروری مراعات کی مستحق نہیں۔