لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہےکہ موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد مانگا منڈی میں اپنے باپ سے ملنے گیا اور اسے وہیں گرفتار کرلیا گیا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب انعام غنی نے بتایا کہ عابد ملہی کی گرفتاری کے لیے 9 ٹیمیں تشکیل دی تھیں، ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے مقامات بدلتا رہا۔آئی جی پنجاب نےکہا کہ موٹر وے کیس میں ایک ملزم کو چند دن میں گرفتار کرلیا تھا، عابد ملہی فورٹ عباس، چنیوٹ اور مانگا منڈی سمیت مختلف اضلاع میں گیا، بالامستری نے عابد کو اطلاع کردی تھی کہ اس کی تصویرٹی وی پرچل رہی ہے،
ٹی وی پر تصویر کی اطلاع کی وجہ سے عابد کی گرفتاری میں تاخیر ہوئی۔انعام غنی نے مزید بتایا کہ عابد کو مانگا منڈی سے پولیس نے گرفتار کیا، ملزم کئی روز تک چنیوٹ میں ایک زمیندار کے ڈیرے پر روپوش رہا، اس کو اس کے سالے کے موبائل نمبر کی مدد سے ٹریس کیا گیا لیکن عابد نے اپنے سالے کا موبائل استعمال کرکے پھینک دیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ عابد کے والد اور بیوی کو پولیس نے چھوڑ دیا تھا، ملزم مانگا منڈی اپنے باپ سے ملنے گیا تو پولیس ٹیم وہاں موجود تھی اور ملزم گھر میں دیوار پھلانگ کر داخل ہوا تو اسے پکڑ لیا گیا۔دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب نے عابد ملہی کی گرفتاری پر 50 لاکھ انعام کا اعلان کر دیا۔ سردار عثمان بزدار نے کہا پولیس نے شاندا کارکردگی دکھائی ہے۔آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی کا کہنا ہے کہ عابد کئی روز تک چنیوٹ میں ایک زمیندار کے ڈیرے پر روپوش رہا، مانگا منڈی میں یہ اپنی بیوی کو ملنے گیا تو پولیس ٹیم وہاں موجود تھی، یہ گھر میں دیوار پھلانگ کر داخل ہوا تو دھر لیا گیا۔ادھر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم کے والد نے علاقہ معزز کی وساطت سے عابد کو پولیس کے سامنے پیش کیا، علاقہ معزز خالد بٹ کی گاڑی میں ہی عابد کو سی آئی اے ماڈل ٹاون لایا گیا۔ خالد بٹ وہی ہیں جنہوں نے گذشتہ سال اپنے بیٹے کے اغوا پر 60 لاکھ تاوان ادا کیا تھا۔واضح رہے کہ 9 ستمبر کی رات گجر پورہ کے قریب موٹر وے پر خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے تشدد اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق پیٹرول ختم ہونے کے باعث خاتون کی گاڑی بند ہوگئی تھی اور وہ اپنے شوہر کے آنے کا انتظار کر رہی تھی جب کہ اس نے موٹروے پولیس سے بھی مدد طلب کی تھی تاہم اسے کوئی مدد نہ مل سکی۔ ملزم عابد کے ساتھ واردات میں ملوث شفقت نے خاتون کے ساتھ زیادتی کا اعتراف بھی کیا تھا۔