لاہور(نیوز ڈیسک)قومی احتساب بیورو ( نیب) نے نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کو مرکزی ملزم نامزد کردیا اور ریفرنس منظوری کے لیے چیئرمین نیب کو ارسال کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو ( نیب) نے نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے خلاف نیب ریفرنس تیار کرلیا، نیب تفتیشی ٹیم نےکرپشن ریفرنس میں احسن اقبال کو مرکزی ملزم نامزد کردیا ہے۔نارووال سپورٹس سٹی کرپشن ریفرنس منظوری کے لیے چئیرمین نیب کو ارسال کردیا گیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ احسن اقبال نیب آرڈیننس کی دفعہ 9 کے
تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے، ان کے کرپشن میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔نارووال اسپورٹس سٹی پروجیکٹ نواز شریف کےدوسرے دور 1998میں شروع کیاگیا ،احسن اقبال نےنارووال اسپورٹس سٹی بڑھا کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔احسن اقبال نےصوبائی حکومت کےمنصوبے کوہائی جیک کرکےاضافی فنڈخرچ کیے، انھوں نے بطوروزیرمنصوبہ بندی تمام قوانین کوجان بوجھ کر توڑا اور سیاسی مفادات کے لیےکروڑوں کا پروجیکٹ اربوں تک پہنچا دیا گیا۔تفتیشی رپورٹ ایگزیکٹو بورڈ کو بھیج دی گئی ، چیئرمین نیب کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس فیصلہ کرےگا۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نواز کے مرکزی جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے حکومت کوکارکردگی دکھانے کا موقع دیا۔ اپوزیشن نےان کی طرح دھرنے نہیں دیے لیکن حکومت نے 2 سال میں معیشت کوتباہ کردیا۔لاہور میں پریس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2سال میں ریکارڈ قرضے لیے گئے۔ اتنا قرض لینے کے باوجود ایک منصوبہ نہیں بنایا گیا۔ حکومت لوگوں کوبیوقوف نہ بنائے۔لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ کراچی سے پشاور تک ریلوے ٹریک ایم ایل ون منصوبے کے لیے صرف 6ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ یونیورسٹیز کیلئے 10ارب روپے نہیں تو5ہزار ارب روپے کہاں سے آئے؟احسن اقبال نے کہا کہ بتایا جائے 5 ہزار ارب روپے کا راوی پراجیکٹ کیسے پورا کریں گے؟ دیامر بھاشا ڈیم کیلئے 16 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کا عذاب آچکا ہے۔ حکومت عوام کو دکھانے کے لیے ہوائی قلعے بنارہی ہے۔ ایف اے ٹی ایف کا نام لے کر ملک پر کالا قانون قائم کیا جارہا ہے۔
آج پاکستان کی تاریخ میں کاروبار شٹ ڈاوَن ہورہے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت ایک بھی اکنامک زون نہیں بنا سکی۔ حکومت نے سی پیک کو سست کردیا۔ عمران خان کو کسی نے نہیں روکا، 2 سال آپ کو بہت سازگار ماحول ملا۔ عمران خان آپ مان لیں کے آپ کے پاس کوئی ٹیم اور نہ کوئی ٹیم ورک تھا۔ عمراان خان نے اس قوم سے تمام جھوٹے وعدے کیے۔