اسلام آبا د(نیوز ڈیسک)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کر دی ہے۔پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں ٹک ٹاک ایپ بلاک کر دی گئی ہے۔ یہ اقدام اس ویڈیو شیئرنگ ایپ کر غیر اخلاقی مواد شیئر کرنے پر اٹھایا گیا۔ترجمان نے اپنے بیان میں وضاحت کی ہے کہ اس بات کا فیصلہ ادارے کی جانب سے ازخود نہیں لیا گیا بلکہ عوامی شکایات پر نوٹس لینے کے بعد ہوا۔پی ٹی اے ترجمان نے کہا کہ ٹک ٹاک انتظامیہ کو جواب جمع کرانے کی مہلت دی تھی۔
تاہم اس کی جانب سے شکایات کا ازالہ نہ کرنے کی وجہ سے پابندی لگائی گی۔پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کی جانب سے ٹک ٹاک ایپ پر پابندی کے بعد عوام کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے سوشل میڈیا کے استعمال کیلئے نئے آن لائن رولز تیار کرلئے ہیں ، وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے سوشل میڈیا کے نئے رولز کی منظوری دے دی ہے۔رولز کے تحت اسلام، دفاع پاکستان، پبلک آرڈر پرغلط معلومات، فحش مواد پرپابندی عائد ہوگی اور سوشل میڈیا کمپنیاں ملکی سلامتی ودفاع کیخلاف مواد ختم کرنے کی پابندہوں گی جبکہ مذہبی منافرت یا توہین رسالت پر مبنی مواد پر بھی پابندی ہوگی۔وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے نئے سوشل میڈیا رولز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابینہ نے نئے سوشل میڈیا قوانین کی منظوری دیدی ہے، وفاقی کابینہ نے 8 اکتوبر کو نئے رولز کی منظوری دی، وزارت آئی ٹی کی کمیٹی نے تمام رولز کا جائزہ لے کر سمری کابینہ کو بھیجی تھی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزارت آئی ٹی عوام کو صاف،صحت مند سوشل میڈیا فراہم کرنے سمیت نفرت انگیزی،فسادات پھیلانے والے عناصر سے پاک سوشل میڈیا چاہتے ہیں۔