اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ایف بی آر نے بینکوں سے ماہانہ ایک کروڑ روپے اکاؤنٹ میں جمع کرنیوالوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں جب کہ فنانس ایکٹ 2020 کے تحت اکاؤنٹ سے ماہانہ 10 لاکھ روپے نکلوانے والوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے فنانس ایکٹ 2020 کے تحت ڈرافٹ رولز جاری کیا ہے جس کے تحت بینکوں سے ایسے تمام افراد کی معلومات طلب کی گئی ہیں جنہوں نے ایک ماہ کے دوران اکاؤنٹس میں ایک کروڑ روپے جمع کیے ہیں یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ماہانہ 2 لاکھ روپے کی ادائیگی کی ہے۔اسی طرح ان اکاؤنٹ ہولڈرز کی تفصیلات بھی ایف بی آر کو فراہم کی جائیں گی جنہوں نے ایک ماہ کے دوران 10
لاکھ روپے نکلوائے ہیں۔ایف بی آر نے مذکورہ اکاؤنٹ ہولڈرز کی جو دیگر تفصیلات بینکوں سے طلب کی ہیں ان میں سی این آئی سی، این آئی سی او پی، پاسپورٹ نمبر، این ٹی این، نام، ٹائٹل اکاؤنٹ، رہائش/عدم رہائش، پتہ، ٹیلی فون نمبر، اکاؤنٹ کھلوانے کی تاریخ، اکاؤنٹ نمبر (آئی بی اے این)، مہینے میں جمع کی گئی رقم، یا نکلوائی گئی رقم، ٹیکس کٹوتی کی رقم، پیشہ، کاروبار وغیرہ۔بینکوں کے لیے نئے قوانین کے تحت مطلوبہ معلومات انکم ٹیکس آرڈیننس 165 اے کے تحت فراہم کرنا ہیں، ہر بینک افسر مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کا پابند ہوگا جب کہ ہر بینک بورڈ کو دیے گئے وقت میں معلومات فراہم کرے گا، سالانہ مقامی رپورٹنگ کی تاریخ ہر سال 31 مئی ہے۔