لاہور(نیوز ڈیسک)مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے شہباز شریف کو مفاہمتی سیاست دان قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی آواز پر لبیک کہنے کی سزا آج شہباز شریف کو ملی ہے، شہباز شریف کی ایک ذاتی سوچ ہے کہ مفاہمتی سیاست شاید بہتر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن میں ہر طرح کے لوگ ہیں،میرے اور نواز شریف کے بیانیے کا بوجھ اٹھانا آسان نہیں۔مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف کو اپنے بڑے بھائی کے ساتھ وفاداری کی سزا ملی ہے، شہباز شریف کی اہلیہ، بیٹوں کو اشتہاری بنادیا گیا،
حمزہ شہباز پر الزام ثابت نہیں ہوا پھر بھی جیل میں رکھا ہوا ہے، اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود شہباز شریف اپنے بھائی کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا پکڑنا ہے پکڑیں اے پی سی اعلامیہ پر 100 فیصد عمل ہوگا، پہلی بار اپوزیشن پر اس طرح کا کریک ڈاؤن ہوا ہے، پہلی بار ہر گناہ کرنے کے بعد بھی حکومت بری الذمہ ہے۔مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف کو عدالتوں کے چکر لگوائے گئے، مجھ سے نیب میں پوچھا جاتا تھا گھر میں کیا کھاتے ہیں، اس طرح کے فیصلے پہلے سے لکھ کر رکھ لیے جاتے ہیں، شہباز شریف نے سرتوڑ کوششوں کے باوجود بھائی کا ساتھ نہیں چھوڑا۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو کسی بھی کرپشن کے الزام میں گرفتار نہیں کیا گیا، ان کا تعلق کاروباری گھرانے سے تھا جو 1930 سے کاروبار کررہا ہے، عدلیہ نے بھی کہا نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کرنے والا ادارہ ہے۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کا فیصلہ جب آجاتا ہے تو سب سے پہلے شہباز شریف تسلیم کرتے ہیں، ن میں سے ش نکلی اور نہ ش میں سے ن نکلی ہے، شہباز شریف ہمارے صدر ہیں اور رہیں گے۔