لاہور(نیوز ڈیسک)نیب نے آج منی لانڈرنگ کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو گرفتار کر لیا ہے۔اسی حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو نیب نیازی گٹھ جوڑ نے گرفتار کیا۔جن لوگوں نے پاکستان کی خدمت کی انہیں نشان عبرت بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 58والیومز پر مشتمل جو دستاویزات ہیں، اس میں ایک جگہ بھی شہباز شریف کا نام نہیں لیکن 2018 کے الیکشن کی طرح گلگت بلتستان کے الیکشن میں دھاندلی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس طرح 2018 کے الیکشن میں آر ٹی ایس کو بٹھایا تھا، اسی طرح لوکل گورنمنٹ الیکشنز میں دھاندلی کا فیصلہ
کر لیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی سب سے بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر کو شہباز شریف کو نیب نیازی گٹھ جوڑ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ میں واضح طور پر دوٹوک الفاظ میں کہنا چاہتی ہوں کہ عمران خان کے حکم پر آج نیب نے شہباز شریف کو گرفتار کیا ہے کیونکہ یہ مثال بنانا چاہتے ہیں ان لوگوں کی جنہوں نے پاکستان کے عوام کی خدمت کی، یہ نقصان پہنچانا چاہتے ہیں پاکستان کے آئین کو، ان لوگوں کو جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، اس جماعت کو جس نے پاکستان کی اکائیوں کو آپس میں ملایا، اس جماعت کو جنہوں نے پاکستان کے عوام کا خوشحال کیا۔مسلم لیگ(ن) کی ترجمان نے مزید کہا کہ وہ لوگ جو نااہل، نالائق، چور، کرپٹ اور سازشی ہیں، جن کی 23 فارن فنڈنگ کا کوئی جواب نہیں پوچھتا کہ 23 فارن فنڈنگ اکاؤنٹس سے، بے نامی اور غیرقانونی اکاؤنٹس سے ملک میں پیسے آئے لیکن چھ سال گزرنے کے باوجود کوئی جواب نہیں پوچھتا۔ان کا کہنا تھا کہ اس کا جواب کوئی نہیں پوچھتا، جنہوں نے اربو کھربوں کھا لیے، پاکستان کے عوام کا آٹا چینی چوری کر لیا، اس سے کوئی نہیں کہتا کہ جواب دو، وہ لوگ جن کے اثاثے نکل آتے ہیں، جو کرپشن کرتے ہیں آج ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آج جس طرح نیب نیازی گٹھ جوڑ نے شہباز شریف کو گرفتار کیا ہے، یہ شہباز شریف کو نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام کو ہتھکڑی لگی ہے، یہ ان تمام منصوبوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی ہے جو نواز شریف اور شہباز شریف نے لگائے لیکن ان منصوبوں کی حفاظت مسلم لیگ(ن) کرے گی۔مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ آج نیب کے
پراسیکیوٹر ایک دھیلے کی بھی کرپشن کا الزام شہباز شریف پر نہیں لگا سکے لیکن کیونکہ نیب کو حکم ہے کہ گلگت بلتستان اور لوکل گورنمنٹ الیکشن سے پہلے شہباز شریف کو گرفتار کیا جائے لہٰذا آج عمران خان کے حکم کی تعمیل ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جج ارشد ملک کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد بھی عدالت کے فیصلے تسلیم کیے تھے اور ہم آج بھی نیب نیازی گٹھ جوڑ کی سازش کے باوجود فیصلہ تسلیم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ان تمام جھوٹے مقدمات کا سامنا کرنا جانتے ہیں، 70 دن نیب کے عقوبت خانے میں رہ کر آئے ہیں، عمران خان اور چیئرمین نیب ہمیں ان گرفتاریوں سے
ڈرانے کی کوشش نہ کریں، پاکستان مسلم لیگ(ن) آج پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔مسلم لیگ(ن) کی ترجمان نے کہا کہ میں واضح طور پر کہنا چاہتی ہوں کہ شہباز شریف کی گرفتاری اے پی سی کو مفلوج کرنے کے لیے ہے اور یہ جو آل پارٹیز کانفرنس کی قرارداد آئی ہے، عمران خان کی طرف سے اس کا ردعمل آیا ہے۔انہوں نے حکومت کے نام پیغام میں کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے پورے پروگرام کی شروعات آج سے ہوئی جاتی ہے، اگر آپ یں دم ہے تو روک کر دکھائیں۔