اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مجھے فخر ہے کہ پاک فوج کا ترجمان ہوں، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے ملنا اعزاز کی بات ہے ۔لاہور میں تقریب سے خطاب میں شیخ رشید نے کہا کہ فوج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہوں، ابھی تو ملاقاتوں کا ذکر کیا ہے، ٹیلی فون ڈیٹا آؤٹ کیا تو قیامت آجائےگی۔انہوں نے کہا کہ بعض اوقات میں باہر انتظار کرتا رہتا ہوں کیونکہ آپ لوگوں کی ملاقاتیں طویل ہوجاتی ہیں، یہ تم ہی ہو جو داتا دربار نہیں جاتے، گولڈن ٹیمپل چلے جاتے ہو۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نواز شریف کو اقتدار سے مریم نواز نے نکلوایا،
اس نے پہلے بھی ن لیگی قائد کو مروایا اور اب بھی مروائے گی، جن فلیٹوں سے یہ خطاب کررہے ہیں، یہ لوگوں کا پیسا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے برے دن ہیں، ان دونوں کے بیچ سے عمران خان نے وکٹ نکالی ہے، اپوزیشن جماعتیں استعفیٰ دیں گی، نہ ہی دھرنا اور نہ ہی عدم اعتماد کی تحریک لائیں گی۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ’ایک سیٹ ہونے کے باوجود ٹی وی پر سب سے بڑا لیڈر میں ہوں، جہاں یہ جلسہ کریں گے میں بھی وہی جلسہ کروں گا اور قوم کو اصل حالات سے آگاہ کروں گا‘۔شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ میرا دل شہباز شریف کے ساتھ ملا ہوا ہے، جو میری پارٹی کا آدمی ہے، ملک میں مہنگائی ہے، کیسے انکار کردوں کہ مہنگائی نہیں ہے؟، سپریم کورٹ کے کہنے کے باوجود ریلوے ملازمین کو نہیں نکالا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک سے کرپشن ختم کرکے دم لے گا، جو کرپشن کا گند کچرا ختم کرنے کے لیے درخت لگارہا ہے، چور ڈاکو جنہوں نے ملک کو لوٹا وہ سب جیل میں ہوں گے، کپتان کی قیادت میں اس مافیا کو شکست ملے گی۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ’اللہ نے پاکستان کو کرونا سے محفوظ رکھا ورنہ بھارت میں یومیہ 90 ہزار کیسز سامنے آرہے ہیں، عمران خان کے اسمارٹ لاک ڈاؤن نے بھی ملک کو کرونا سے بچایا‘۔ریلوے پر گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’ہمیں چین کے ساتھ مل کر پاکستان ریلوے کو ٹھیک کرناہے، میں وہ کچھ نہ کرسکاجو ریلوے مزدوروں کیلئےکرنا چاہئےتھا، ماضی میں 9.1 بلین ڈالر کا جو معاہدہ ہوا تھا ہم اُسے 6.8 بلین ڈالر پر لے کر آگئے، ایم ایل ون کو پشاور سے جلال آباد، تفتان سے قندھار تک لے کر جائیں گے‘۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’جب تک ریلوےترقی نہیں کرے گی، مزدورکی زندگی نہیں بدلےگی، ریلوےکے معاشی حالات کرونا کے بعد مزید خراب ہوگئے اور ہم خسارے میں چلے گئے‘۔