اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان نے نئے سیاسی نقشے کو اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت گوگل، یاہو اور تمام سرچ انجنز کو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان نے نئے سیاسی نقشے کو اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت تمام دوسرے عالمی فورمز پر بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے علاوہ سیاسی نقشہ گوگل اور یاہو سمیت تمام سرچ انجنز کو بھی بھجوایا جائے گا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق سیاسی نقشے میں عالمی قوانین اور دوطرفہ معاہدوں کی روشنی میں بیرونی حدبندی واضح کی گئی ہے اور بھارتی دعووؤں کی بھی نفی کی گئی ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کا سیاسی نقشہ جاری کیا تھا جس میں مقبوضہ
کشمیر کو پاکستان کا حصہ ظاہر کیا گیا ہے، اب پورے ملک کے تعلیمی اداروں کے نصاب سمیت ہر جگہ نئے جاری کردہ نقشے کا استعمال کیا جائے گا۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹرعائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کلبھوشن یادیو کا وکیل مقرر کرنے کیلئے بھارت سے رابطے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم کے مطابق بھارت سے رابطہ کیا گیا ہے اور اب جواب کا انتظار ہے۔دفترخارجہ نے پاک افغان بارڈر پرسرحد پار سے فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی بھی حملے کا جواب دینے کیلئے پرعزم ہے اور ہم دہشت گردوں کو مدد فراہم کرنے کی بھرپورمذمت کرتے ہیں۔