ڈیرہ اللہ یار (نیوز ڈیسک) سابق نگراں وزیراعظم و چیف جسٹس(ر) شرعی عدالت میر ہزار خان کھوسہ نے 91 برس کی عمر میں دوسری شادی کر لی۔تفصیلات کے مطابق میر ہزار خان کھوسہ نے 91 سال کی عمر میں دوسری بار سہرا سجا لیا ہے۔ میر ہزار خان کھوسہ صحبت پور کے گوٹھ کشمیر آباد سے دلہن بیاہ کر لائے ہیں۔ میر ہزار خان کھوسہ نے دو ماہ قبل مقامی وڈیرے کی بیوہ سے خفیہ نکاح کیا تھا۔شادی کی تقریب میں خاندان کے چند افراد شریک ہوئے تھے۔میر ہزار خان کھوسہ کی پہلی بیوی سے 3 بیٹے ہیں جن کے نام برکت کھوسو ،امجدکھوسو اور شفقت کھوسو ہیں۔
میر ہزار خان کھوسہ کی شادی کے حوالے سے باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے صاحبزدے امجد کھوسو نے سابق وزیراعظم کو ملنے والی پنشن اور دیگر مراعات کے حصول کے لیے انہیں دوسری شادی کرنے پر آمادہ کیا،میر ہزار خان کھوسہ کے دوسری شادی پر آمادہ ہونے کے بعد ان کی شادی ایک بیوہ خاتون سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو کہ مقامی وڈیرے کی بیوہ ہیں۔دونوں کی نکاح کی تقریب کو خفیہ رکھا گیا تھا جس میں چند افراد نے ہی شرکت کی تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میر ہزار خان کھوسہ اس وقت شدید علیل ہیں جب کہ ان کا علاج جاری ہے۔