کراچی (نیوز ڈیسک) سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے اندرون ملک شیڈول اور خصوصی پروازوں کو بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔اس ضمن میں سول ایویشن اتھارٹی (سی اے اے) نے باضابطہ نوٹس جاری کردیا ہے جس کے مطابق اندرون ملک پروازوں پر پابندی کا گزشتہ نوٹس منسوخ کردیا گیا۔نوٹس کے مطابق تمام خصوصی اور شیڈول پروازوں کوضوابط پرعمل کرنا ہو گا جب کہ خصوصی طیاروں کو بھی تمام ائیرپورٹس سے آپریٹ کرنےکی اجازت ہوگی۔سول ایویشن اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹس کے مطابق تربت، پنچگور، دالبندین، ژوب ، پسنی، موہنجوداڑو، نواب شاہ اور بہاولپور ائیرپورٹ بدستور بند رہیں گے۔خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس وبا کے پیشِ نظر اندرون ملک پروازوں کو بند کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر میں ایس او پیز کے تحت ریسٹورنٹ ،کیفیز، تھیٹرز اور سینما ہالز 10 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔سیاحتی مقامات کو کل سے کھول دیا جائے گا، مزارات، بزنس سینٹر، ایکسپو سینٹرز بھی 10 اگست سے کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے ۔اجلاس کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بریفنگ میں بتایا کہ شادی ہالز اور تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولے جا سکیں گے۔وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بتایا کہ تعلیمی ادارےکھولنےسےمتعلق حتمی فیصلہ 7ستمبرکوہوگا، ریسٹورنٹ،کیفیز کو 10 اگست کوکھول دیا جائے گا اور اس حوالے سے 2 روز میں ایس او پیز فائنل ہوجائیں گی۔