لاہور (نیوز ڈیسک)لاہور کی احتساب عدالت کی جانب سے رمضان شوگر ملزکیس میں مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز پر فردِ جرم عائد کر دی۔سماعت کے سلسلے میں مسلم لیگ نون کے صدر شہبازشریف احتساب عدالت لاہور پہنچ گئے ، کمرہ عدالت میں شہبازشریف نے اپنی حاضری مکمل کرائی ۔عدالت نے مزید گواہوں کو بیانات قلم بند کرانے کے لیے عدالت میں طلب کر رکھا ہے۔اس موقع پر شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے
آج پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر رکھا ہے، شہبازشریف کو اس سلسلے میں اسلام آباد جانا ہے، لہٰذا انہیں کمرۂ عدالت سے جانے کی اجازت دی جائے۔عدالت نے کہا کہ شہباز شریف پر فردِ جرم عائد ہونی ہے اس لیے وہ اِدھر ہی رہیں۔دوسری جانب نیب نے مریم نواز کو 200 ایکٹر اراضی غیر قانونی طور پر اپنے نام انتقال کرانے کے الزام میں 11 اگست کو طلب کر لیا۔مریم نواز کے نام رائے ونڈ میں 2 سو ایکٹر زمین کی منتقلی کے حوالے سے نیب نے سابق ڈی سی او لاہور نورلا مین مینگل اور سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سے بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔2014 میں رائے ونڈ میں مریم نواز کے نام 2 سو ایکٹر زمین منتقل کی گئی جبکہ 100 کنال زمین شہباز شریف اور 100 کنال زمین نواز شریف کے نام علیحدہ سے منتقل کی گئی۔ زمین منتقلی میں ایل ڈی اے کے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کیا گیا۔شریف فیملی کی زمین کے ارد گرد تعمیرات کو روکنے کے لئے اراضی کو گرین لینڈ قرار دیا گیا۔