اسلام آباد: صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی صدر مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے ملاقات
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے انجینئر امیر مقام کو وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان بننے پر مبارکباد دی۔ سردار تنویر الیاس نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انجینئر امیر مقام کا شمار خیبر پختون خواہ کے اہم ترین اور قابل سیاست دانوں میں ہوتا ہے جنہوں نے عوام کی بہترین نمائندگی کی ہے اور ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بہترین اقدامات کیے ہیں ۔
سردار تنویر الیاس نے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے امیر مقام کی بہادری ، مخلصی، وفاداری اور خدمات پر اچھا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت آزاد کشمیر کے لوگ دلجوئی مانگتے ہیں ۔ امید ہے امیر مقام اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ہر چیز اور تمام معاملات ملک اور قوم کے مفاد اور تعمیر وترقی کے لیے لیں گے ۔
اس موقع پر وزیر امور کشمیر نے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے جو ذمہ داری دی ہے اس کو احسن طریقے سے نبھانے کی بھرپور کوشش کروں گا۔