ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے سردیوں میں کوروناوائرس کی دوسری لہر آنے کا خدشہ ظاہر کردیا اور کہا ہم سب کو کورونا وائرس کے ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق حسینیہ کانفرنس سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا تفریق پیداکرنے والے عناصر کو ناکام بنانا اجتماعی ذمے داری ہے، فرقہ واریت کے خاتمےاور ہم آہنگی میں علما اور مشائخ کا اہم کردارہے، ہرزمانہ حسین ؓکا ہے اور آخری فتح حق کی ہوتی ہے۔شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ دنیا میں حسین کے فلسفے کو سمجھنے کی کوشش کی جارہی ہے،
دور پلٹے، ادوار بدلے لیکن اس فلسفے کی سچائی پر کبھی آنچ نہیں آئی۔وزیرخارجہ نے کہا کہ ایک سال میں سب نے دیکھا جس اندا زمیں کشمیر کی آواز دبائی گئی، کشمیر میں ذرائع ابلاغ کومحدود کردیا گیا ہے، کشمیر میں مسلسل بلیک آؤٹ جاری ہے ، بھارت نے خوف کی وجہ سے جبر جاری رکھا ہوا ہے۔مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حسینیت کا فلسفہ خوف سے آزادی دلواتا ہے ، مقبوضہ کشمیرمیں عزاداری پرآج پابندی ہے، مذہبی آزادی کا پرچار کرنے والوں نے مذہبی آزادی پرقدغن لگارکھی ہے، مقبوضہ کشمیرمیں عیدپرنمازکی اجازت نہیں دی گئی۔