کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن(پی آئی اے) نے طیارہ حادثےکے لواحقین کو ایک کروڑ روپے فی مسافر ادائیگی کا اعلان کر دیا۔سی ای او ائیر مارشل ارشدملک کے انشورنس کمپنی کےساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے مطابق طیارہ حادثےکے لواحقین کو ایک کروڑ روپے فی مسافر دیے جائیں گے۔اس سےقبل لواحقین کو50لاکھ ادا کئے جانے تھے جو کیرج بائی ائیرایکٹ کےمطابق تھے ۔انشورنس رقم میں اضافہ سی ای اوپی آئی اے ائیرمارشل ارشد ملک کی ذاتی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
وزیرہوابازی غلام سرورکی جانب سےسی ای اوپی آئی اےکوخصوصی ہدایات دی گئی تھیں۔اب تمام مسافروں کےقانونی ورثا کو ایک کروڑ فی مسافر انشورنس کی مد میں اداکئےجائیں گے۔اس سےقبل پی آئی اے 10لاکھ روپے فی مسافر جنازے اور تدفین کیلئے اداکرچکی ہے۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ بڑھائی گئی انشورنس کی رقم پہلےسے اداکی گئی رقم کےعلاوہ ہے، پی آئی اے نےکام مکمل کرلیا ہے قانونی ورثا کےجانشینی سرٹیفکیٹ کا انتظار ہے، اس سلسلےمیں مسافروں کےورثا کوخطوط ارسال کئےجارہے ہیں۔