لاہور(نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی اشرف انصاری کی ملاقات ہوئی ہے، مزید لیگی اراکین سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی اشرف انصاری نے وزیر اعلیٰ کواپنے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا،ملاقات میں یونس انصاری اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ سابق حکمرانوں کے نمائشی منصوبوں کی بجائے عوامی ضروریات کے کام کیے جائیں گے، گوجرانوالہ کے شہریوں کو صحت اور تعلیم کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ شہر
کے سیوریج کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کام کیا جارہا ہے اور گوجرانوالہ کو موٹر وے سے ملانے کے حوالے سے بھی جلد خوشخبری سنائیں گے۔اس سے قبل بھی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ن لیگ کے 6 اور پیپلز پارٹی کے ایک ارکان کی ملاقات ہوئی تھی۔ اس ملاقات میں مسلم لیگ ن کے جلیل شرقپوری، اشرف علی، غیاث الدین، اظہر عباس، فیصل خان نیازی اور نشاط ڈاہا شامل تھے۔ ملاقات کا مقصد اتحادیوں سے بگڑتے تعلقات اور پنجاب اسمبلی میں عددی برتری رکھنا ہے، اس کے لئے حکومت نے اب اپوزیشن کی طرف نظریں جما لی ہیں۔اس حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اراکین اپوزیشن کے مابین تعلقات بہتر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ مذکورہ اپوزیشن ارکان پہلے بھی 2 بار وزیراعلی سردارعثمان بزدار سے ملاقات کرچکے ہیں، ان اراکین پنجاب اسمبلی کو ان کی پارٹی قیادت کی جانب سے شوکاز نوٹسز بھی جاری کئے جاچکے ہیں۔ شوکاز نوٹسز کے جواب میں ارکان نے آئندہ اجازت کے بغیر ملاقات نہ کرنے کا یقین بھی دلایا تھا ۔