لاہور(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ نوازشریف لندن میں حکومت کا علاج کررہے ہیں، نوازشریف نے حکومت کو جو دوائی دی وہ ان سے ہضم نہیں ہورہی، حکومت اپوزیشن کی اے پی سی سے بوکھلا گئی ہے، کیونکہ 10 محرم کے بعد آل پارٹیز کانفرنس متوقع ہے۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ حکومت اپوزیشن کی اے پی سی سے بوکھلا گئی ہے، کیونکہ 10محرم کے بعد آل پارٹیز کانفرنس متوقع ہے۔آل پارٹیز کانفرنس کی جزوئیات تکمیل کے مراحل میں ہیں، ممکن ہے اے پی سی میں لاہور میں منعقد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنے علاج کے ساتھ
حکومت کا بھی علاج کررہے ہیں ، حکومت کے علاج کیلئے نوازشریف نے جو دوائی حکومت کو دی ہے، وہ ان سے ہضم نہیں ہورہی ہے۔نوازشریف کو یہ کیا بلائیں گے وہ جلد صحت یاب ہوکر خود واپس آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف، شہبازشریف، مریم نواز اور حمزہ شہبازسمیت سب ایک پیج پر ہیں۔عثمان بزدار کے خلاف بظاہر تو کوئی کاروائی نہیں ہوگی۔ لیکن مستقبل میں عثمان بزدار کیسز کی بنیاد پر ضرور پکڑے جائیں گے۔ ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف کی صحت پر سیاست کرتے ہیں۔ ہم نوازشریف کی صحت سےمتعلق ہرماہ رپورٹ جمع کرارہے ہیں۔ چینی، آٹا چوروں کو این آراو دے کر فرار کرایا گیا۔ حکومتی فیصلوں کی وجہ سے چینی 110 روپے کلو مل رہی ہے۔نوازشریف پنجاب حکومت کی اجازت سے بیرون ملک گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سمیت ترجمان مسلسل ڈرامہ رچا رہے ہیں۔ عوام کو بیوقوف بنا کراین آراو، این آراو کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر نے کرپشن سے متعلق جھوٹ بولا۔ عدالت میں کہتے ہیں کہ کرپشن کے ثبوت نہیں۔ نوازشریف کے منصوبوں میں ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت نہیں کرسکے۔ سلیکٹڈ وزیراعظم کے پاس این آراو دینے کا اختیار نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ اپوزیشن نہیں جوملک میں دھرنے دے۔ نواز شریف کو منی لانڈرنگ سے ڈراتے ہیں۔ کاغذ لہرانے سے منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوتی۔ ایف اے ٹی ایف بل کا حکومت کو کچھ پتہ ہی نہیں۔