اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علماء اسلام کے رہنما مفتی اکرام اللہ کے قتل میں ملوث ملزم کو ہنگو سے گرفتار کرلیا گیا، ملزم کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔وفاقی وزیر شیخ رشید نےجمعیت علماء اسلام کے رہنما مفتی اکرام اللہ کے قتل میں ملوث ملزم کو ہنگو سے گرفتار کرنے کی تصدیق کر دی۔وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مفتی اکرام اللہ کے قتل میں ملوث شاہد الرحمن کو 24 گھنٹوں میں گرفتار کیا گیا۔نگو پولیس کے مطابق یو آئی کے رہنماء مفتی اکرام اللہ کے قتل میں ملوث ملزم کو بگٹو کے مقام پر پولیس ناکہ پر گرفتار کیا گیا،
گرفتار ملزم شاہدالرحمٰن کا تعلق قبائلی ضلع اورکزئی سے ہے۔ ملزم کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔یاد رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد میں فائرنگ کر کے جے یو آئی کے مقامی رہنما قاری کرامت الرحمٰن کے بھائی، بیٹے اور شاگرد کو قتل کر دیا گیا تھا۔بعد ازاں جے یو آئی پاکستان کے مقامی رہنما سمیت 3 افراد کے قتل کے خلاف گزشتہ روز بھارہ کہو میں احتجاجی دھرنا دیا گیا جو کہ کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا تھا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ میتیں لے کر جا رہے ہیں لیکن ابھی تدفین نہیں کریں گے، قاتل گرفتار نہ ہوئے تو پھر احتجاج کریں گے۔