اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے سینیٹ الیکشن جیتنے کی حکمت عملی بنالی ، پی ٹی آئی اور اتحادی اراکین پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کے لیے اہم فیصلہ کرلیا ، سینیٹ الیکشن کی وجہ سے ہفتہ وار کابینہ اجلاس بھی موخر ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات میں کامیابی کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے بھی لائحہ عمل ترتیب دے دیا ، اس حوالے سے انہوں نے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتوں کا فیصلہ کرلیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم ناصرف پاکستان تحریک انصاف بلکہ اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی سے بھی ملاقاتیں کریں گے ،
ملاقاتوں کا یہ سلسلہ آئندہ 2 روز تک پارلیمنٹ ہاؤس میں جاری رہے گا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ارکان قومی اسمبلی سے سینیٹ انتخابات سے قبل ملاقاتیں قومی اسمبلی چیمبر میں کریں گے ، جن میں ارکان اسمبلی کے مسائل سنے جائیں گے اور ان کے خدشات بھی دور کریں گے۔خیال رہے کہ سینیٹ الیکشن میں صرف 2 دن رہ گئے ہیں ، اس حوالے سے پی ڈی ایم نے بھی یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا لائحہ عمل طے کرلیا ، سینیٹ انتخابات میں کامیابی کے لیے اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پوری طرح متحرک ہوچکا ہے ، اس ضمن میں پارلیمنٹ میں موجود دیگر جماعتوں کے ارکان اسمبلی کے علاوہ پی ڈی ایم رہنماوں کی آپس میں ہونے والی ملاقاتوں کے سلسلے بھی تیز ہوچکے ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی کامیابی باہمی صلاح مشورے بھی جاری ہے ، اس سلسلے میں پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان سے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور پیپلزپارٹی کے رہنماء راجہ پرویز اشرف نے ملاقات کی ، اس ملاقات میں پیپلزپارٹی کے رہنماء فیصل کرہم کنڈی،جے یو آئی ف کے مولانا لطف الرحمان ، مفتی ابرار احمد سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات میں ناصرف اپوزیشن جماعتوں کے لانگ مارچ کے حوالے سے مشاورت کی گئی بلکہ سینٹ الیکشن میں سیٹ ایڈجسمنٹ سے متعلق بھی مشاورت کی گئی ، جس کے بعد اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی کامیابی سے متعلق حکمت عملی طے کرلی گئی۔