جہانگیر ترین کی سیاست میں واپسی، حفیظ شیخ کو جتوانے کیلئے متحرک ہوگئے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹ الیکشن میں حصہ لیے والے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار حفیظ شیخ نے جوڑ توڑ کے ماہر جہانگیر ترین سے رابطہ کیا ہے اور ان سے مدد مانگی ہے۔حفیظ شیخ کے رابطے کے بعد جہاں جہانگیر ترین نے انہیں مدد کی یقین دہانی کروائی ہے وہیں وہ حفیظ شیخ کو جتوانے کے لیے متحرک بھی ہو گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹ الیکشن قریب آتے ہی جہانگیرترین سیاسی جوڑ توڑ کے لیے دوبارہ متحرک ہو گئے ہیں ۔انہوں نے حفیظ شیخ کے لیے ارکان سے رابطے شروع کر دئیے ہیں،جہانگیرترین نے جنوبی پنجاب کے ناراض ایم این ایز سے رابطے شروع کردیے۔

یوسف گیلانی بھی انہی ناراض ارکان سے رابطے میں ہیں ۔یہاں یہ واضح رہے کہ حفیظ شیخ شوگر اسکینڈل کے دوران جہانگیر ترین کو سپورٹ کیا تھا۔حفیظ شیخ اور یوسف رضا گیلانی کے مابین سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔اس سے قبل یہ خبریں بھی سامنے آ رہی تھیں کہ جہانگیر ترین یوسف رضا گیلانی کو سپورٹ کریں گے۔سینئر صحافی عامر متین کا سینیٹ انتخابات کے حوالے سے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں سب سے زیادہ جس چیز کی اہمیت ہے وہ یوسف رضا گیلانی اور حفیظ شیخ کا امیدوار ہونا ہے۔پیپلز پارٹی نے بہت اچھا امیدوار چنا ہے،یوسف رضا گیلانی وہ واحد امیدوار ہیں جن کو نہ صرف پی ڈی ایم سے ووٹ ملیں گے بلکہ ان کی اپنی رشتہ داری بھی بہت ہے۔سندھ کے لوگ ملا کر ان کو بہت ووٹ مل جائیں گے۔یوسف رضا گیلانی کے جیتنے کا مطلب یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہو گئی ہے۔اگر وہ جیت جاتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جا رہی ہے۔کیونکہ قومی اسمبلی سے اکثریت چاہئیے،دوسری جانب حفیظ شیخ اسٹیبلشمنٹ کے آدمی مانے جاتے ہیں۔ تو ان کا ہارنا بھی پی ٹی آئی حکومت کا ختم ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں