مریم نواز کا ڈی جی آئی ایس پی آر کی حمایت میں ایسا بیان سامنے آگیا کہ سب حیران رہ گئے

لاہور (نیوز ڈیسک)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میرے لیے قابل احترام ہیں جو سیاست سے دور رہتے ہیں ، حکمرانوں کی اصلیت عوام کے سامنے کھل کر آگئی ہے، نالائق اور نا اہل کو بچانے کے لیے انصاف کے نظام کو جھونکا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم خفیہ رائے شماری کی مخالف نہیں لیکن منافقت کے خلاف ضرور ہے۔انہوں نے کہا کہ مبینہ ہارس ٹریڈنگ کی ویڈیو پر حکومت بے وقوف بنا رہی ہے، ویڈیو بنانے، جاری کرنے اور پیسے لینے دینے والے یہ خود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی اصلیت عوام کے سامنے کھل کر آگئی ہے۔ ایک نالائق کو بچانے کے لیے سارے حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ انتخابی اصلاحات چاہتی ہے لیکن ان کے ساتھ مل کر قانون سازی نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو توڑنے کے لیے تاریخی کوشش ہوئی، مسلم لیگ ن نظریاتی جماعت ہے، جماعت کو توڑا جا سکتا ہے لیکن نظریے کو توڑا نہیں جا سکتا۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ حکومت کو ہر معاملے میں شکست ہوئی، ڈسکہ میں شیر کی جیت ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں عوام کی طاقت ہوگی وہاں ن لیگ کو شکست دینا نا ممکن ہے، عوام کا فیصلہ جعلی حکومت کے خلاف اور شیر کےحق میں آئے گا۔مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن انصاف کے دو نظام کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے۔سیاست میں نہ گھسیٹنے سے متعلق سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میرے لئے محترم ہیں لیکن ان کی ایسی باتوں سے ان کا عوام میں مذاق اڑے گا، کیونکہ ایک کے بعد ایک چیز سامنے آئی ہے کہ کس طرح سینیٹ الیکشن چھینا گیا، جسٹس شوکت عزیز صدیقی، جسٹس قاضی فائز کے ساتھ کیا ہوا، جج ملک ارشد کا معاملہ ہوا، آپ وہ بات کریں جو دنیا مانے ورنہ آپ کی اور آپ کے ادارے کی ساکھ خراب ہوگی، آپ رات کو دن کہہ کر بتائیں گے تو لوگ کہیں گے آپ جھوٹ بول رہے ہیں، اس سے بہتر ہے خاموشی اختیار کریں اور اس معاملے پر بات نہ کریں لیکن غلط بیانی بالکل نہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں