اسلام آباد (نیوز ڈیسک) 14 فروری کو دنیا بھر میں ویلنٹائن ڈے منایا جاتا ہے ، اس موقع پر دنیا بھر میں موجود پریمی جوڑے ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کرتے اور ایک دوسرے کو تحفے تحائف دے کر تا عمر محبت نبھانے کے عہد کا اعادہ کرتے ہیں۔ اس موقع پر دنیا بھر میں ہر طرف محبت بھرے پیغامات اور محبت بھری تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے ٹھیک ایسے ہی پاکستان میں بھی پریمی جوڑے آپس میں محبت کے عہد و پیمان باندھتے اور اس دن کو مناتے ہیں لیکن پاکستان میں موجود مذہبی علما نے اس کے خلاف آواز اُٹھاتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ویلنٹائن ڈے
پر پابندی عائد کریں جبکہ عوام سے بھی اس دن کی مناسبت سے رکھی جانے والی تقریبات کا بائیکاٹ کرنے اور اس دن کو نہ منانے کا مطالبہ کیا ہے۔قومی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عزیزالرحمن ثانی ، مبلغ لاہور مولانا عبدالنعیم ، سیکرٹری جنرل مولانا قاری علیم الدین شاکر ، قاری جمیل الرحمن اختر ، مولانا قاری عبدالعزیز ، مولاناحافظ محمداشرف گجر ، مولانا سید عبداﷲ شاہ، مولانا عبدالعزیز،مولانا محبوب الحسن طاہر، مولانا خالد محمود، مولانا سعید وقار نے خطبات جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو گمراہی، بے مقصدیت اور بے راہروی سے بچانا ہو گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ویلنٹائن ڈے جیسے مغربی بیہودہ تہوار پر پابندی عائد کرے۔ علما کرام کا کہنا تھا کہ اسلام ویلنٹائن ڈے جیسے اخلاق سوز تہواروں کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام کے نام پر بننے والے پاکستان میں مغربی ماحول پیدا کرنے کی سازش کی جا رہی ہے ۔ علما کرام نے قوم سے بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اور مسلم نوجوان ویلنٹائن ڈے کا بائیکاٹ کریں۔