اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے زلفی بخاری کو ایک اور عہدے سے نواز دیا، وزیراعظم نے سیاحت سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنے معاون خصوصی زلفی بخاری کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کر دیا، تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت سیاحت سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں سیاحتی پالیسی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے سیاحت سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے معاون خصوصی زلفی بخاری کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا ہے، یہ کمیٹی ہر ہفتے اجلاس منعقد کرے گی اور دو ہفتے کے بعد
وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ سیاحت کے مواقع سے فائدہ اٹھایا جانا چاہئے اور اب پاکستان کو اس پر توجہ دینا ہو گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سیاحتی مقامات پر تجاوزات کیخلاف مہم چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبوں کو سیاحتی مقامات پر نکاسی آب کا بہترین نظام بنانے کا حکم بھی دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے بہت سے مواقع ہیں جن سے فائدہ اٹھایا جانا چاہئے، پاکستان کو اب سیاحت پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے زلفی بخاری کی بطور چیئرمین پی ٹی ڈی سی بورڈ تعیناتی اور ملازمین کی برطرفیوں کیخلاف کیسز پر وفاق کو جواب داخل کرانے کی مہلت دیدی ۔ منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے کیسز کی سماعت کی ۔وفاق نے جواب جمع کرانے اور دلائل کے لیے ایک بار پھر مہلت مانگی لی ہے۔جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ یہاں عمومی طور پر دیکھا گیا ہے کہ زیادہ تر کیسز میں پٹیشنر کی طرف سے التوا نہیں ہوتا۔ جسٹس عامرفاروق نے کہاکہ پولیس، تحصیلدار، ڈپٹی کمشنر اور وفاقی حکومت کیسز کے جواب دینے میں تاخیر کرتی ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیاکہ گزشتہ سماعت پر بھی آپ نے التوا مانگا آج پھر التوا مانگ رہے ہیں۔جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ پھر کیسز کے التوا کا الزام بھی عدالتوں پر آتا ہے۔ وکیل ملک قمر افضل نے کہاکہ عدالت کی طرف سے کوئی ابزرویشن ہی آجائے ملازمین بچارے بے آسرا بیٹھے ہوئے ہیں۔ وکیل ملک قمر افضل نے کہاکہ میری تجویز ہے کہ اگر روزمرہ کے ملازمین کے اخراجات کا بندوبست ہو جائے تو بہتر ہو گا۔ وکیل نے کہاکہ پی ایم ڈی سی کے ملازمین کو تو چھ ماہ کی تنخواہیں دے دی گئی تھیں۔