لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئرصحافی ہارون الرشید کا کہنا ہے کہ پاکستان سے اچھے تعلقات بنا کر رکھنا عرب ممالک کے مفاد میں ہے۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک پاکستان تھا،پاکستان نے ہی ان کی ایئرلائن بنائی اور ان کے شہروں کو آباد کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا،یو اے ای،سعودیہ اور سوڈان کے بچوں کو تعلیم دی اور یہاں سے ڈاکٹر بھی جاتے تھے اور ان کے میڈیکل کے شعبے میں کام کرتے تھے اور آج کشمیر کے معاملے پر انہوں نے انڈیا کے ساتھ اپنے مراسم زیادہ مضبوط کر لیے ہیں۔
گوادر کے معاملے پر بھی انہوں نے انڈیا کا ساتھ دیا جبکہ علیحدگی پسند بلوچوں کو انڈیا نے پناہ دی تو اس میں امریکہ کی ایما بھی شامل تھی کیونکہ امریکہ اور انڈیا سی پیک منصوبے کے خلاف ہیں۔انہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ بہر حال یہ بات خوش آئند ہے کہ عمران خان نے خود یو اے ای کے فرمانروا سے بات کی اور معالات بہتری کی طرف جانے کی امید ہے لہٰذا برف اب پگھل رہی ہے۔ہارون الرشید نے پاکستان اور عرب ممالک کے تعلقات سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ عرب ممالک سے معمول کے تعلقات بحال ہو جائیں۔اور وہ ایران کے معاملے میں بھی غیر جانبدار رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور عرب ممالک میں برف پگھل رہی ہے،بتدریج تعلقات میں بہتری ہو رہی ہے۔پاکستان سے اچھے تعلقات عربوں کے مفاد میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ پاکستان کمزور پڑتا ہے اور بھارت، امریکا بہت طاقتور ہو جاتے ہیں تو عرب ملک خود بھی خطرے میں پڑیں گے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کے فرمانروا سے بات کی جس کے بعد سے حالات نارمل ہونے لگے وگرنہ ان کی طرف سے دیے جانے والے قرض کی ڈیمانڈ بڑھنے لگی تھی۔