اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا ، پنجاب ، اسلام آباد ، کشمیر، گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ساون ختم ہو چکا مگر اثرات اب بھی باقی ہیں، کہیں بادلوں کے ڈیرے تو متعدد مقامات پر برسات ہورہی ہے۔اسلام آباد ،مری سمیت بالائی علاقوں میں رات گئے بارش کا سلسلہ شروع ہوا،جس کے بعد گرمی ہی نہیں بلکہ حبس میں
بھی کمی ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 2روز تک وقفے وقفے سے آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔پنجاب ، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے مکینوں کیلئے الرٹ جاری ، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ جبکہ اربن فلڈنگ کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹے میں موسم گرم اور مرطوب رہا، بالائی پنجاب ،کشمیر، سندھ اور بالائی خیبرپختونخوا میں بارش ہوئی ، سب سے زیادہ بارش گوجرانولہ میں 53 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔