اسلام آباد(نیوز ڈیسک) معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ سندھ میں ایک مافیا حکومت کر رہا ہے جو کسی بھی قیمت پر مال کھانا چاہتا ہے۔معاون خصوصی شہباز گل نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ سندھ کا مافیا جو کسی بھی قیمت پر مال پانی کھانا چاہتا ہے چاہے اس کے لئے لوگوں کی جانوں سے ہی نہ کھیلنا پڑ جائے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام خصوصا کراچی کے شہریوں کو مضر صحت گندم زبردستی کھلائی جا رہی ہے، مافیا کے چوہے 14 ارب کی تازہ گندم کھا جاتے ہیں اور عوام کے لیے ناقص گندم فراہم کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل شہباز گل نے انکشاف کیا تھا
کہ سندھ میں گندم کے گوداموں میں پڑی گندم چوہے کھا رہے ہیں اور ناقص انتظامات کے باعث 43 کروڑ کی گندم چوہے کھا چکے ہیں ۔ انہوں نے مرتضیٰ وہاب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے وزراء صرف حکومت پر تنقید کرتے رہتے ہیں ، اور گندم کے بحران پر وفاقی حکومت پر مسسلسل تنقید کرتے نظر آ رہے ہیں جبکہ ان کے گوداموں میں رکھی گندم چوہے کھا رہے ہیں ۔سندھ نے گندم چوری اسکینڈل میں 10 ارب پلی بارگین کی، سندھ کے عوام نے آپ کو خدمت کے لیے ووٹ دیا ہے نا کہ وفاق پر الزامات لگانے کے لیے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اپنی کارکردگی پر توجہ دے نہ کہ وفاقی حکومت پر بلا جواز تنقید کرے۔ واضح رہے کہ سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت صرف ٹوئیٹر پر موجود ہے مگر عملی میدان سے غائب ہے ملک بھر میں بدترین مہنگائی کا سیلاب حکومت کو بہا لے جائیگا گلگت بلتستان کے انتخابات میں تیر کے نشان کی جیت ہوگی حکمران چین کی بانسری بجانا بند کریں اور عوام کے مسائل پر توجہ دیں ۔دوسری جانب وزیر اطلاعات ناصرحسین شاہ کہتے ہیں کہ گندم مافیا تو خود پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے۔وزیر اطلاعات ناصرحسین شاہ نے شہباز گل کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ گندم کی فصل کٹتے ہی پنجاب سے گندم کیسے غائب ہوئی۔ناصر شاہ نے شہباز گل کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے شہری بہترین غذا کھاتے ہیں۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ شہباز گل
کے بیان سے بد اخلاقی اور بد زبانی چھلکتی ہے۔واضح رہے کہ شہباز گل نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا تھا کہ سندھ میں ایک مافیا حکومت کر رہا ہے جو کسی بھی قیمت پر مال پانی کھانا چاہتا ہے بھلے اس کے لئے لوگوں کی جانوں سے ہی نہ کھیلنا پڑ جائے۔شہباز گل نے کہا تھا کہ سندھ کے عوام خصوصاََ کراچی کے شہریوں کو مضر صحت گندم زبردستی کھلائی جا رہی ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ ان کے چوہے 14 ارب کی تازہ گندم کھا جاتے ہیں اور عوام کے لیے ناقص گندم ہے۔