لاہور(نیوز ڈیسک) چوہدری برادران کا سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر اہم بیان سامنے آیا ہے۔چوہدری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نہ صرف ہمارا برادر ملک ہے بلکہ عقیدتوں کا مرکز ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔دفتر خارجہ کو پاک سعودی تعلقات میں حد سے زیادہ احتیاط برتنی چاہیے تھی۔ہر محب وطن پاکستانی پاک سعودی تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کو ناکام بنائے گا۔خیال رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں گزشتہ کچھ دنوں سے اہم تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔ایسا اس وقت ہوا جب وزیر خارجہ شاہ
محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر پر سخت پالیسی اپنائی۔مسئلہ کشمیر پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے متنازعہ انٹرویو کے بعد سعودی عرب نے پاکستان سے تین ارب ڈالر میں سے ایک ارب ڈالر کا قرضہ واپس مانگ لیا۔پاکستان نے یہ قرضہ چین سے لے کر سعودی عرب کو ادا کیا۔تاہم اس پر بھی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی معیشت اس وقت مشکل میں ہے اور انہوں نے ہماری مشکلات کو سمجھا، ہم ان کی مجبوری سمجھتے ہیں۔تاہم سینئر تجزیہ نگاروں کی اس بارے میں رائے مختلف ہے۔بعض سینئر تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا حالیہ بیان پسند نہیں کیا۔سینئر صحافی رضوان رضوی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے شاہ محمود قریشی کی قربانی مانگی ہے۔اب دیکھئے شاہ صاحب کی دوبارہ قربانی ہوتی ہے یا معافی ملتی ہے۔اسی دوران چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس دورے کے دوران ان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات ہو گی جس میں یہ تمام باتیں زیر بحث آئیں گی۔خطے کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے آرمی چیف کے اس دورے کو بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔