اسلام آباد(نیوز ڈیسک)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ آئندہ ہفتے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔تفصیلات کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ آئندہ ہفتہ سعودی قیادت بشمول ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے مفصل بات چیت کے لیے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔بات چیت میں دونوں ممالک کے لئے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔خطے میں ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر اس دورے کو بہت اہم سمجھا جا رہا ہے،گذشتہ روز آرمی چیف کی سعودی سفیر سے ملاقات ہوئی، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے
مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی جانب سے پیر کے روز پاکستان میں تعینات سعودی سفیر سے اہم ملاقات کی گئی ۔بتایا گیا کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں کے درمیان باہمی دلچسپی اور علاقائی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران باہمی دفاعی تعاون پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز ہی آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی جانب سے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ بھی کیا گیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض کی جانب سے آرمی چیف کا استقبال کیا گیا۔ اس دورے کے دوران آرمی چیف کو ملک کی اندرونی و بیرونی سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے آئی ایس آئی کی کارکردگی کو بڑھانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔واضح رہے کہ کہ پاکستان کو ادھار تیل کی سہولت میں مزید توسیع کرنے کی درخواست پر سعودی عرب سے مثبت جواب نہیں ملا۔پاکستان نے سعودی حکومت سے درخواست کی تھی کہ ادھار تیل کی فراہمی کی سہولت کے معاہدے میں مزید توسیع کر دی جائے، تاہم سعودی عرب کی جانب سے اس درخواست پر مثبت جواب نہیں دیا گیا۔ جبکہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے سعودی عرب کے مطالبے پر ہی ایک ارب ڈالرز کا قرضہ واپس کیا ہے۔سعودی عرب کی جانب سے قرضہ واپس مانگے جانے پر پاکستان نے چین سے ایک ارب ڈالرز لے کر ادائیگی کی ۔