کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں جماعت اسلامی کی ریلی کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال بیت المکرم مسجد کے قریب دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلی کے قریب دھماکے کے باعث 5 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے فوری اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات ہیں کہ موٹر سائیکل سوار دستی بم پھینک کر فرار ہوئے ہیں۔
جماعت اسلامی کی رہنما معراج الہدیٰ کا کہنا تھا کہ دھماکا کرکے ہمارے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے، ریلی جاری رہے گی۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کررہی ہے، بھارتی را کے ایجنٹوں نے ریلی میں حملہ کرکے بزدلانہ کارروائی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے جذبوں کو ختم نہیں کیا جاسکتا، کارکن پولیس انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں ریلی نکالی جارہی تھی۔