اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ”فلسطینی عوام پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں”، اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے فیصلے پر فلسطینی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کا خصوصی شکریہ ادا کردیا، گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے ایک انٹرویو کے دوران دو ٹوک اعلان کیا تھا کہ کچھ بھی ہوجائے پاکستاھ اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا تھا کہ جو چاہے اسرائیل کو تسلیم کرے پاکستان نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک فلسطینی خود فیصلہ نہیں کرتے تب تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا، کیونکہ یہی حالات مقبوضہ کشمیر میں ہیں اگر پاکستان اسرائیل کو تسلیم کر لیتا ہے تو پاکستان کشمیر کو بھی چھوڑ دے گا۔
اس بیان کے بعد فلسطین نے وزیراعظم عمران خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔فلسطینی سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ”فلسطینی پاکستان کو اپنا دوسرا گھر اور پاکستانیوں کا اپنا عزیز بھائی سمجھتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ دنیا کے ہر فورم پر فلسطین کی حمایت کی ہے”۔ خیال رہے کہ کل انٹرویو کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بھی اس حوالے سے کہا تھا کہ “اسرائیل کے بارے میں ہمارا موقف واضح ہے۔ قائداعظم نے کہا تھا کہ جب تک فلسطینیوں کو اُنکے بنیادی حقوق اور علیحدہ ریاست نہیں ملتی، تب تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا۔اس کے بعد آج جاری کردہ ایک بیان میں فلسطین کے سفارتخانے نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے ہمیشہ ان کے مقصد کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے بارے میں سوال کے جواب میں سفارتخانہ (وزیراعظم عمران خان) کے مؤقف کی دل سے داد دیتا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ فلسطین کے ساتھ پاکستانیوں کی محبت کی وجہ سے ہی اسرائیلی اور پاکستانی تعلقات کبھی قائم نہیں ہوسکے۔بیان میں سفارتخانے نے وزیراعظم عمران خان نے سخت ردعمل دینے پر شکریہ ادا کیا اور ان تمام سیاسی جماعتوں، میڈیا اور سول سوسائٹی سمیت پاکستانیوں کی تعریف کی جو فلسطین کے ساتھ کسی بھی طرح سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ہمیں امید ہے کہ جب تک یروشلم القدس کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم نہیں کیا جاتا پاکستان کی حمایت ہمارے ساتھ ہوگی۔