اسلام آباد (نیوز ڈیسک)عسکری قیادت نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت اور ان کی آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی زیر صدارت فوجی قیادت کا اجلاس راولپنڈی میں ہوا، جس میں خطے کی جیو اسٹریٹجک صورتحال، روایتی ڈاکٹرائن وآپریشنل تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوئے۔ اجلاس میں علاقائی جیواسٹریٹجک صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں کورونا صورتحال اور قومی حکمت عملی کے تحت اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی خدمات کو سراہا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے اور جاری بربریت کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی، سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے۔فورم کے شرکا نے کہا کہ افواج مربوط سیکیورٹی اسٹریٹیجی کے تحت ہر خطرے کا بھر پور جواب دینے کو تیار ہے۔ اجلاس میں دہشتگردی کیخلاف سیکیورٹی ایجنسیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا نے کہا کہ مسلح افواج ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔