راولپنڈی (نیوز ڈیسک) چین نے افواج پاکستان کے لیے انسداد کورونا ویکسین عطیہ کر دی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کا الیوشن 78 ٹرانسپورٹ طیارہ ویکسین پاکستان لایا اور پاک فوج چین کی طرف سے ویکسین لینے والی پہلی فوج ہے۔ترجمان کے مطابق پیپلز لبریشن آرمی کی طرف سے ویکسین پاک فوج کے حوالے کی گئی۔ ویکسین حوالے کرنے کی تقریب میں سرجن جنرل پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر پاکستان کے چین میں ڈیفنس اتاشی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کورونا ویکسین فرنٹ لائن
ہیلتھ ورکرز کو فراہم کی جائے گی اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز ہمارے اصل ہیرو ہیں۔دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے اپنے پیغام میں کہا چین نے افواج پاکستان کیلئے کورونا ویکسین عطیہ دیا، پاک فوج پہلی غیر ملکی افواج ہے، جسے چین نے ویکسین کا عطیہ دیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے چین کی عطیہ کی گئیں ویکسین قومی ویکسین پروگرام میں دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے چین کی فراہم کردہ ویکسین ہیلتھ ورکرز کیلئے دیدیں، ہمارے فرنٹ لائن ورکرز ویکسین کے زیادہ مستحق ہیں۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہم سب کو معلوم ہے کورونا سے پوری دنیا متاثر ہوئی، قوم نے کوروناکی صورتحال کا بہت اچھے طریقے سے مقابلہ کیا اور این سی او سی کی جانب سے بہتر طریقے سے صورتحال سے نمٹاگیا۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے ہیرو زہیلتھ ورکرز، فرنٹ لائن ورکرز ہیں، ڈاکٹرز،پیرامیڈکس نے فرنٹ لائن پر کورونا کامقابلہ کیا ، چین نے حکومت پاکستان کی طرح مسلح افواج کو بھی ویکسین کا عطیہ دیا ، چین کی جانب سے کورونا ویکسین عطیہ کرنے پر شکرگزار ہیں۔